Aaj News

ہفتہ, مئ 18, 2024  
09 Dhul-Qadah 1445  

چوہدری برادران سے سعودی سفیر کی ملاقات

سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے لاہور میں چوہدری شجاعت حسین اور...
شائع 14 اگست 2020 10:17pm

سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے لاہور میں چوہدری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات کی۔ سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ جلد عمرہ زائرین کو سعودی عرب آنے کی اجازت مل جائے گی۔

مسلم لیگ قاف کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں مسلم لیگ ق کے رہنما طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی، شافع حسین اور راسخ الٰہی بھی موجود تھے۔

سعودی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان اسلامی بھائی چارے کے بندھن میں بندھے ہیں، دنیا کی کوئی طاقت اس بھائی چارے کو کم نہیں کر سکتی۔ شاہ سلمان اور محمد بن سلمان پاکستان کے مسائل سے آگاہ ہیں، پاکستانیوں کے دل مکہ مدینہ میں دھڑکتے ہیں۔

سعودی سفیر نے چودھری صاحبان کو پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، آپ کے سعودی عرب کے بارے میں نیک اور اچھے خیالات جان کر خوشی ہوئی۔ کورونا کے ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے زائرین کو سعودی عرب آنے کی اجازت مل جائے گی۔