ملک میں سیلاب کے خدشات بڑھ گئے، پی پی

پیپلزپارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں شدید...
شائع 25 اگست 2020 08:40pm

پیپلزپارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب کے خدشات بڑھ گئے ہیں ۔ امید ہے این ڈی ایم اے بلاتفریق اقدامات کرے گا ۔ پہلے وفاقی وزیرغلام سرورکے بیان سے نوے ارب روپے کا نقصان ہوا ۔ اب حکومت میں رہنے والے سیاستدانوں کو واجب القتل قرار دینے جیسے الفاظ استعمال کرکے اپنی نااہلیاں چھپائی جارہی ہیں ۔

پیپلزپارٹی کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے اسلام آباد میں ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی ۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ وفاقی وزیرغلام سرور خان کی اپنی وزارت کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔ پی آئی اے کے اپنے جہازیورپ اورامریکہ نہیں جاسکتے، پہلے چین کو ناراض کیاگیا ۔ اب سعودی عرب ناراض ہوگیا۔

پلوشہ خان نے کہاکہ قتل کے فتوے دینے والے پہلے اپنے اردگرد دیکھیں، اگرسنگسار ہونے کی بات ہوئی تو یہ بات کیلی فورنیا سے بنی گالا تک جائے گی، وفاقی وزیر ے جو کھلم کھلا قتل کی دھمکیاں دیں ان کیخلاف ایف آئی آر درج ہونی چاہیے۔

پیپلزپارٹی کی رہنماؤں نے کہا کہ اپوزیشن کے اتحاد کیلئے اپنا حق ادا کردیا ہے، آل پارٹیز کانفرنس شہبازشریف کو بلانی ہے، کشمیر، ایف اے ٹی ایف سمیت قومی سلامتی کے تمام معاملات پر کبھی سیاست نہیں کی ۔