جیلوں میں قید خواتین سے متعلق رپورٹ وزیراعظم کو پیش

وزیراعظم عمران خان نے جیلوں میں قید خواتین کے حوالے سے مقررہ وقت...
شائع 26 اگست 2020 08:20pm

وزیراعظم عمران خان نے جیلوں میں قید خواتین کے حوالے سے مقررہ وقت سے پہلے جامع رپورٹ تشکیل دینے اورانسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشروں کی پہچان انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے سے کی جاتی ہے۔ انسانی حقوق کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اوراس ضمن میں ہرممکن کوشش کی جائے گی ۔

وزیراعظم عمران خان سے وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کی ملاقات ہوئی ہے جس میں جیلوں میں قید خواتین کی صورتحال اور ان کو ریلیف فراہم کرنے سے متعلق سفارشات پر مبنی رپورٹ پیش کی گئی۔

رپورٹ میں جیلوں میں قید خواتین کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے متعدد سفارشات پیش کی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے مئی کے آخرمیں جیلوں میں قید خواتین کی حالت زار کا جائزہ لینے کے لئے وزارت انسانی حقوق کی سربراہی میں اعلی سطحی کمیٹی قائم کی تھی ۔

وزیراعظم نے چار ماہ میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

وزیربرائے انسانی حقوق نے وزارت کی دو سالہ کارکردگی رپورٹ بھی وزیراعظم کو پیش کی ۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بچوں کے تحفظ کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت میں چائلڈ پروٹیکشن سنٹر قائم کیا جا رہا ہے۔ ان سنٹرز میں بے سہارا اور لاوارث بچوں کو نہ صرف تحفظ بلکہ تعلیم ، نفسیاتی معاونت و دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ بچوں سے متعلقہ مخصوص عدالتوں کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔ بے سہارا اور مصیبت زدہ خواتین کو پناہ اور تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے قائم شدہ وومن شیلٹرز کے حوالے سے بریفنگ بھی بریفنگ دی گئی۔