بارش، محکمہ موسمیات کے اندازے غلط ثابت،شہری نظام درہم برہم

محکمہ موسمیات کے اندازے اور پیشگوئیاں غلط ثابت ہو گئیں، کراچی...
شائع 27 اگست 2020 07:59pm

محکمہ موسمیات کے اندازے اور پیشگوئیاں غلط ثابت ہو گئیں،

کراچی میں بادل نیچے اتر آئے طوفانی بارش سے شہر قائد سمندر بن گیا، گاڑیاں ، موٹرسائیکلیں کشتیاں بن کر تیرنے لگیں ، کلفٹن انڈر پاس، کسٹم ہاوس، سندھ سیکریٹریٹ ڈوب گئے،

نارتھ کراچی، لانڈھی کورنگی اور ڈیفنس کے گھروں میں بھی پانی داخل ہوگیا۔

محرم کی سیکورٹی کے لیے رکھے گئے کنٹینرز تیرنے لگے، صدر، ایم اے جناح روڈ، زیب النسا اسٹریٹ میں واقع دکانوں میں بھی برسات کا پانی چلا گیا۔

شہر قائد میں چار گھنٹے طوفانی بارش نے شہر کا نقشہ سمندر جیسا کردیا، کراچی کا کوئی علاقہ بارش سے محفوظ نہیں رہا، بادل بھی نیچے اتر اور خوب برسے حد نگاہ پانی ہی پانی دکھائی دینے لگا۔

ایم اے جناح روڈ صدر۔ گرو مندر۔ لیاقت آباد۔ کریم آباد۔ گلشن اقبال۔ گلستان جوہر زیر آب آگئے، قیوم آباد پل پر تیز بارش کے باعث لوگوں کی گاڑیاں خراب ہو گئیں۔

پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے اندرونی علاقوں میں سیوریج کا پانی داخل ہوگیا ہے۔

کورنگی، لانڈھی، ملیر، سرجانی۔ ناگن چورنگی اور نارتھ کراچی میں بھی ہر طرف پانی لوگ گھروں میں محصور ہوگئے، ڈسٹرکٹ سینٹرل ناگن چورنگی، شادمان ٹاون، بفرزون، فیڈرل بی ایریا میں بارش نے ایک مرتبہ پھر تباہی مچادی، بفرزون ڈوب گیا۔

کاروباری علاقے بھی ڈوب گئے، صدر، زیب النسا اسٹریٹ، بولٹن مارکیٹ کی دکانوں میں بھی پانی داخل ہوگیا، گلبہار کی سنیٹری مارکیٹ، نرسری میں فرنیچر مارکیٹ اور دیگر بازار بھی زیر آب آگئے۔

ڈیفنس کا پوش علاقہ بھی بارش سے محفوظ نہ رہا، کلفٹن انڈرپاس پانی سے بھر گیا،ڈیفنس میں واقع گھروں میں بھی پانی داخل ہوگیا قیمتی سامان تباہ ہوگیا۔

سی ایم ہاؤس کے سامنے ڈاکٹر ضیا الدین احمد روڈ بھی پانی میں ڈوب گیا۔ سائٹ ایریا اور حب ریور روڈ بھی برسات کے پانی چھپ گیا۔ سرکاری دفاتر بھی محفوظ نہ رہے کسٹم ہاوس اور سندھ سیکریٹریٹ میں بھی برسات کا پانی آ پہنچا، علاقہ دریا کا منظر پیش کرنے لگا۔

قوم کے محافظ بھی پانی میں پھنس گئے پولیس موبائل بھی پانی کے تیز بہاو کی زد میں آگئی۔ جہاں گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہوا گاڑیاں تیرنے لگیں وہیں ایم اے جناح روڈ پر محرم الحرام کے جلوس کی کی سیکورٹی کے لیے رکھے گئے کنٹینرز بھی تیرنے لگے۔

ملیر ندی بھی بپھر گئی، کورنگی کازوے ندی کراس کرنا نوجوان کو مہنگا پڑ گیا کورنگی کازوے پر تیز پانی کے ریلے میں نوجوان پھنس گیا، مقامی لوگوں نے شہری کو ریسکیو کیا۔

کراچی میں بارشوں کے باعث ڈزاسٹر کی صورتحال کے باعث وزیراعلی سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ ملیر اور سکھوں ندی میں طغیانی ہے، ملیر میں اسکول کی عمارتیں خالی کرائی جائی، ان علاقوں سے فوری لوگوں کا انخلا شروع کیا جائے۔