جذبہ شبیری مسلمانوں کے ایمان و یقین کو جلا بخشتا ہے، وزیر اعظم
اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جذبہ شبیری مسلمانوں کے ایمان و یقین کو جلا بخشتا ہے، اسوہ حسین پر عمل کرکے ہی کامیابی ممکن ہے.
وزیراعظم عمران خان نے یوم عاشور 10 محرم الحرام کے موقع پر جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ آج حرمت والے مہینے محرم الحرام کی دس تاریخ ہے اور اس دن حضرتِ امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادت عظیم بے مثال قربانی ہے۔
اس ضمن میں وزیراعظم کا کہنا ہے کہ آج مسلمان اس عظیم قربانی کی یاد کو تازہ کر رہے ہیں، اگرچہ یومِ عاشور مختلف اعتبار سے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا ہے کہ تاریخ اسلام میں اس دن کو الگ رفعت و بلندی شہادت اورواقعہ کربلا کی بدولت حاصل ہوئی ہے اور اسلام کی اعلیٰ اقدار کے فروغ و احیاء کیلئے کسی بھی قربانی کو راہ خدا میں نچھاور کردینا ہی عزیمت اور کامیابی ہے۔
عمران خان نے کہا ہے کہ جذبہ شبیری ؓ مسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پسندی کی روایت کو جلا بخشتا ہے، یہ اسلام کے ابدی پیغام اور جذبہ قربانی کی لازوال روایت کی آبیاری کا سرچشمہ ہے اور اس کی نظیر تاریخ انسانی میں مشکل سے ہی ملتی ہے اور اسوہ حسین ؓکا یہ پیغام ہر قلِب سلیم کیلئے ہے۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ راہ حق میں آنے والی ہر پریشانی کو خندہ پیشانی سے قبول کرتے ہوئے اپنی جان جانِ آفرین کہ سپرد کردے اور اسی جذبہ سے سرشاری کے بعد ہم وطن عزیز اور اقوام عالم میں کوئی قابل ذکر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی سامراج سے برسرپیکار عوام کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیئے، جنہوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنتِ امام حسینؓ کو زندہ رکھا اور ہمیں کربلا کی طرح کشمیر کو بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال بنادیا۔
اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا ءنے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، اللہ پاک کی مدد، حکومت کے بروقت اقدامات اور قوم کے بھر پور تعاون سے کرونا وباءکے پھیلاو پر کافی حد تک قابو پا لیاگیا اور اس لئے پوری پاکستانی قوم کو اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہونا چاہئے۔
عمران خان نے کہا ہے کہ آج کے دن قوم سے اپیل کرتا ہوں محرم الحرام کی تقاریب میں احتیاطی تدابیر پرعمل کریں اور امید کرتا ہوں کہ یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ، فرقہ وارئیت اور تعصب کو بالائے طاق رکھتے ہوے منائیں گے اور امن و امان کوبھی یقینی بنائیں گے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔