العزیزیہ اور ایون فیلڈریفرنس: نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر
اسلام آباد:سابق وزیراعظم نوازشریف نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کردیں جبکہ مریم نواز اورکیپٹن (ر)صفدرنے بھی سماعت مؤخر کرنے کی پیل کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کل ہونے جا رہی ہے، سابق وزیر اعظم نوازشریف نے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کردیں۔
نوازشریف نے اسلام آبادہائیکورٹ میں حاضری سے استثنیٰ کیلئے 2متفرق درخواستیں دائر کیں ، جن میں علیل اور بیرون ملک زیرعلاج ہونے کےباعث طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی اپیل کی گئی ہے ۔
نوازشریف نے ضمانت میں توسیع کے معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ عدالت میں خود پیشی کے بغیر پنجاب حکومت کا فیصلہ چیلنج نہیں کیا جا سکتا، پنجاب حکومت کو ضمانت میں توسیع کیلئے کئی دستاویزات فراہم کیں لیکن طے شدہ منصوبے کے تحت ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کی گئی۔
دوسری جانب مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر نے بھی وکیل امجد پرویز کے چھٹیوں پر ہونے کے باعث سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بینچ العزیزیہ اسٹیل ملز ،ایون فیلڈ اور فلیگ شپ ریفرنس کیخلاف شریف فیملی اور نیب کی اپیلوں پر کل سماعت کرے گا۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔