Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

محکمہ تعلیم کا اجلاس: اسکولز کھولنے سے متعلق ایس او پیز پر غور

کراچی: وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم...
اپ ڈیٹ 01 ستمبر 2020 05:39pm
وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی- فائل فوٹو
وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی- فائل فوٹو

کراچی: وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری تعلیم احمد بخش ناریجو، محکمہ تعلیم کے افسران اور دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں صوبے بھر میں اسکولز کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز کو فائنل کرنے، محکمہ صحت کی جانب سے موصول شدہ ایس او پیز پر غور سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا ہے۔

اجلاس میں محکمہ تعلیم کی بہتری، اسکولوں کی اپ گریڈیشن اور نئے اساتذہ کی بھرتی سمیت دیگر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے بعد صوبے میں تعلیمی سال اور آئندہ امتحانات کیلئے سلیبس سمیت دیگر کے حوالے سے رپورٹ جلد تیار کرکے دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو بخوبی سمجھتے ہیں کہ کورونا وائرس کے باعث تعلیمی اداروں کی بندش سے غیر معمولی طور پر تعلیمی سال متاثر ہوا ہے تاہم ہم بچوں کی صحت پر کوئی رسک نہیں لے سکتے تھے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ دو سے تین روز میں محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی سے مشاورت کے بعد تمام ایس او پیز کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ تعلیمی اداروں کو کھولنے کے حوالے سے وفاقی سطح پر قائم کمیٹی کا اجلاس 7 ستمبر کو منعقد ہوگا، جس کے بعد ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے کھولنے کا باقاعدہ اعلان ہوسکے گا۔