گستاخانہ خاکوں کی وجہ سےمسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے، وزیرخارجہ

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ فرانسیسی...
اپ ڈیٹ 03 ستمبر 2020 10:54am

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ فرانسیسی میگزین کے شائع کردہ گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے،گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف پاکستان نے فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کی پر زور مذمت کرتے ہوئے حکومت فرانس کو اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا۔

اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کخلا ف اپنے ویڈیو پیغام میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ فرانسیسی میگزین کے شائع کردہ گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ،لوگ مشتعل ہیں،اس حرکت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اسلاموفوبیا اور نسل پرستی کا رحجان دنیا میں بڑھتا چلا جا رہا ہے، پاکستان نے ہر عالمی فورم پر اس مسئلے کی نشاندہی کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر مل بیٹھ کر یہ سوچنا چاہیئے کہ ایسے رحجانات کو کیسے روکا جائے جو دوسروں کے جذبات مجروح کرتے ہوں، توقع ہے کہ عالمی برادری فی الفور اس مسئلے کا تدارک کرے گی اور ایسے رحجانات کی بیخ کنی کرے گی۔

وزیر خارجہ نے مزیدبتایا کہ حکومت پاکستان نے حکومت فرانس کو اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے، امید کرتے ہیں کہ ذمہ داران کو کٹرہے میں لایا جائے گا اور ایسی گستاخانہ حرکت نہیں دہرائی جائے گی،آزادی ء اظہار رائے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کے ہاتھ دوسروں کی دل آزاری کا لائسنس آ گیا ہے۔