پاکستان کا یو این کی پابندیوں کو مزید موثر بنانےکیلئےشفافیت پرزور
پاکستان نے اقوام متحدہ کی پابندیوں کو مزید موثر بنانے کے لئے انہیں غیرسیاسی بنانے اور ان میں شفافیت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
دفترخارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کی کمیٹی کے بعض ارکان کی جانب سے پابندیوں کی فہرست میں دو بھارتی باشندوں گوبندا پاٹینیک اور آنگرا اپاجی کے نام شامل نہ کرنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا۔
ترجمان نے کہا کہ یہ بھارتی شہری دہشتگردی کے کئی بڑے حملوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے پاکستان میں مطلوب مجرمان کی فہرست میں شامل ہیں اور یہ ریاستی تحفظ کے تحت اس وقت بھارت میں رہائش پذیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ملک میں دہشتگردی کو ہوا دینے اور عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے بھارت میں دہشتگردی کے تربیتی کیمپ قائم کرنے کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندی کمیٹی کو کافی ثبوت فراہم کئے ہیں۔
ترجمان نے کہاکہ پاکستان تحریک طالبان پاکستان اور JUA جیسی دہشتگرد تنظیموں کےلئے بھارتی معاونت کو بے نقاب کرتا رہے گا۔
ترجمان نے غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں جاری فوجی محاصرے اور مواصلاتی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارتی کابینہ میں حال ہی میں منظور ہونے والے جموں و کشمیر لینگویجز بل کے ذریعے مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں پر ہندی زبان کے جبری نفاذ کے بھارتی حکومت کے فیصلے کی مذمت کرتا ہے۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔