وزیراعظم کی زیر صدارت کراچی کمیٹی کا اجلاس

وزیراعظم عمران خان آج کراچی کا دورہ کریں گے، جس میں ترقیاتی...
اپ ڈیٹ 05 ستمبر 2020 02:35pm

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں جہاں وہ کراچی کے لیے ٹرانسفارمیشن پلان کا اعلان کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں اسد عمر، شبلی فراز، علی زیدی اور امین الحق بھی شریک ہیں۔ اس کے علاوہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ بھی اجلاس میں موجود ہیں۔

قبل ازیں کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔ وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز اور ممبر قومی اسمبلی عامر محمود کیانی بھی وزیراعظم کے ہمراہ کراچی آئے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 802 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کریں گے جس میں سے سے زیادہ تر منصوبوں پر پہلے سے ہی کام جاری ہے۔

اس پروگرام میں سے 47 ارب 18 کروڑ روپے گزشتہ سال خرچ ہو چکے ہیں، 31ارب 99 کروڑ رواں مالی سال کے دوران مختص کیے جا چکے ہیں اور اگلے 5 سال کے دوران 523 ارب 25 کروڑ روپے درکار ہوں گے۔ وزیراعظم کے دورہ کراچی کے دوران ماس ٹرانزٹ سسٹم کے چھ منصوبوں کا اعلان بھی شامل ہے، ان منصوبوں پر چار سو سینتالیس ارب اور 43 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ جبکہ 300 ارب روپے مالیت کا کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ بھی پلان میں شامل ہے۔

کراچی سرکلر ریلوے کے لیے 250 ارب روپے چینی حکومت فراہم کرے گی،جبکہ سندھ حکومت کراچی سرکلر ریلوے کے لیے 50 ارب روپے دے گی۔

دستاویز کے مطابق سیوریج کے 8 منصوبوں کا تخمینہ 162 ارب 60 کروڑ روپے ہے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے 4 منصوبوں پر 14 ارب 86 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ جبکہ واٹر ڈرینز کے 2 منصوبوں کی لاگت 4 ارب 70 کروڑ روپے ہے۔

سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے 4منصوبوں کا تخمینہ 62 ارب 30 کروڑروپے لگایا گیا ہے۔

وزیر اعظم عمران سے ایم کیو ایم کا وفد اور جی ڈی اے کے رہنما سید صدر الدین شاہ بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان صنعت کاروں، تاجروں سے بھی ملاقات کریں گے، وزیراعظم پاکستان اسٹاک ایکسچینج بھی جائیں گے جس کے بعد وہ آج شام کراچی سے واپس روانہ ہو جائیں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء،این ڈی ایم اے حکام اور پارٹی قائدین ہوں گے، دورے کے دوران وزیراعظم، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔