صدرمملکت، گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری
کراچی :بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 72 ویں برسی کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پہنچ کر قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
پاک بحریہ کے بگلرز نے ماتمی دھن بجا کر عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کیا اور سلامی دی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مزار پہنچے، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور گورنر عمران اسماعیل نے ان کا استقبال کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے ۔
صدر عارف علوی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کورونا وائرس کے دوران ڈاکٹروں اور مخیر حضرات نے بیڑہ اٹھایا، حکومتوں نے غریبوں کی احساس پروگرام کے ذریعے فکر کی، علماء، میڈیا سب مل کر قوم کو کورونا وائرس سے متعلق آگاہی دیتے رہے، قوم نے ڈسپلن کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیا۔
صدرمملکت عارف علوی کا مزیدکہنا تھا تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان سے متعلق کہا جا رہا کہ اس قوم سے کچھ سیکھا جاسکتا ہے، دنیا کی بہتر قوموں میں اپنا نام لکھوانے کیلئے پاکستانی قوم بالکل تیار ہے، قائد کے فرمودات پر عمل کر کے ہم ہر مشکل سے عہدہ برا ہوسکتے ہیں، عالمی برادی میں اپنا مقام بنانے کیلئے ہمیں محمد علی جناح کے افکار پر عمل کرنا ہوگا۔
اس سے قبل وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ مزار پہنچے ،فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے جبکہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی مزار قائد پہنچ کر فاتحہ خوانی کی۔


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔