ڈاکٹر ماہا شاہ کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم سے متعلق درخواست منظور
کراچی :عدالت نے کراچی میں قتل ہونے والی ڈاکٹر ماہا شاہ کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم سے متعلق درخواست منظور کرلی۔
کراچی کی مقامی عدالت نے ڈاکٹر ماہا شاہ خودکشی کیس میں قبر کشائی اور پوسٹ مار ٹم سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
عدالت نے تحریری حکم میں پولیس کو ڈاکٹرماہاشاہ کی قبر کشائی اورپوسٹ مارٹم کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت کو قبر کشائی پر کوئی اعتراض نہیں ، استغاثہ قانون کے مطابق کارروائی کرے،عدالت تفتیش میں مداخلت نہیں کرسکتی۔
تحریری حکم میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹرماہاکی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم قانون کے مطابق کی جائے۔
کیس کے تفتیشی افسر سب اسنپکٹر شرافت علی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ماہا کو سر میں بائیں جانب گولی لگی اور دائیں جانب سے خارج ہوئی، مدعی مقدمہ کی درخواست ہے کہ ڈاکٹر نے رپورٹ غلط دی، لہذا مدعی مقدمہ کے مؤقف کی تصدیق کیلئے قبر کشائی، پوسٹ مارٹم اور مزید معائنے کی اجازت دی جائے،مدعی مقدمہ کےمطابق ڈاکٹرماہاشاہ کوبہت زیادہ ڈرگس دی گئی۔
مقدمہ ڈاکٹر ماہا شاہ کے والد آصف علی شاہ کی مدعیت میں درج ہے اورمقدمے میں ملزم جنید ،وقاص، عرفان قریشی و دیگر نامزد ہیں۔


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔