'اداروں سے تصادم کا تاثر غلط ہے'

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ غداری کےمقدمات درج کرانے والے خود غدار ہیں۔
شائع 07 اکتوبر 2020 10:19pm

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہےکہ اداروں سے تصادم کا تاثر غلط ہے۔ غداری کےمقدمات درج کرانے والے خود غدار ہیں۔نااہل حکومت عوام کی نمائندہ نہیں، آنے والے وقت میں استعفوں کے آپشن کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

لاہور میں جے یو آئی (ف) کے جنرل کونسل اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں آئین کی بالادستی کا کاررواں چل پڑا ہے۔اس میں تمام جماعتیں شرکت کریں گی۔ پہلے ہی دو، تین جلسوں میں ملک میں تبدیلی کے آثار پیدا ہو جائیں گے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ استعفے دینے کا آپشن تمام جماعتوں کا متفقہ ہے۔ استعفے ہمیشہ غیرت مند لوگ دیتے ہیں، کمزور لوگوں سے استعفیٰ لیا جاتا ہے۔ ہم انتہا تک نہیں گئے، آئین کے اندر رہ کر کام کر رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نااہل اور ناجائز حکومت کو عوام کی نمائندہ نہیں کہا جا سکتا۔ مہنگائی نے غریب آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔ اس وقت حکمرانوں کے پسینے چھوٹے ہوئے ہیں۔ اسلام آباد جانا ہماری پلاننگ میں شامل ہے۔