ایران کا آبنائے ہرمز میں امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ، ویڈیو جاری

بندر عباس کے قریب جاسوس ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ، ملبہ امریکی ایم کیو نائن ریپر ڈرون کا قرار
اپ ڈیٹ 07 مئ 2026 12:20pm

ایران نے آبنائے ہرمز کے قریب ایک مبینہ امریکی جاسوس ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے اس کی ویڈیو بھی جاری کردی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے بندر عباس کے نزدیک ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے جدید ڈرون کو نشانہ بنایا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے فضائی دفاعی نظام نے اسٹریٹجک اہمیت کی حامل بندرگاہ بندر عباس کے قریب دشمن کے ایک جاسوس ڈرون کو تباہ کردیا۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تباہ ہونے والے ڈرون کا ملبہ امریکی ساختہ MQ-9 Reaper ڈرون سے ملتا جلتا ہے، جسے ایرانی حدود میں داخل ہونے پر نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میڈیا نے واقعے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے، جس میں مبینہ طور پر تباہ شدہ ڈرون کا ملبہ دکھایا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق MQ-9 Reaper دنیا کے جدید ترین خودکار ڈرونز میں شمار ہوتا ہے، جو نگرانی اور حملوں کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس ڈرون کی مالیت تقریباً 3 کروڑ ڈالر بتائی جاتی ہے۔

تاحال امریکا کی جانب سے ایرانی دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب آبنائے ہرمز اور خلیجی خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔