شہباز شریف نے جلا وطنی میں برطانیہ میں فلیٹس کیسے خریدے؟تفصیلات سامنے آگئیں
اسلام آباد:مسلم لیگ (ن )کے صدر شہباز شریف نے جلا وطنی کے دوران برطانیہ میں 4قیمتی فلیٹس کیسے خریدے؟تفصیلات سامنے آگئیں، شہباز شریف نے جلاوطنی کے دوران برطانیہ میں 4فلیٹس خریدے۔
اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی برطانیہ میں اثاثہ جات کے حوالے سے نیب نے تفصیلات جاری کردیں ،شہباز شریف نے جلاوطنی کے دوران برطانیہ میں 4 فلیٹس 13 لاکھ 31 ہزار 7 پاونڈز میں خریدے۔
نیب دستاویزات کے مطابق شہباز شریف نے فلیٹس خریدنے کیلئے رقم ایک کاروباری شخصیت، بارکلے بینک برطانیہ، بھتیجی عاصمہ ڈار سمیت دیگر افراد سے بطور قرض حاصل کی۔
اپر بارکلے لندن میں واقع فلیٹ2005 میں 2 لاکھ 35 ہزار پاونڈ میں خریدا گیا،اس فلیٹ کیلئے75 ہزار پاونڈ کاروباری شخصیت سے قرض اور 1 لاکھ 60 ہزار بارکلے بینک سے بطور قرض حاصل کئے گئے۔
لندن میں 2007 میں دوسرا فلیٹ 1 لاکھ 60 ہزار میں خریدا گیا جبکہ اس فلیٹ کیلئے16 ہزار 75 پاونڈ کاروباری شخصیت سے قرض جبکہ 1 لاکھ 43 ہزار پاونڈ بارکلے بینک لندن سے لئے گئے جبکہ اس کے علاوہ 2007 میں تیسرا فلیٹ 6 لاکھ 50 ہزار پاونڈ میں خریدا گیا۔
نیب دستاویزات کے مطابق 2009 میں لندن میں چوتھا فلیٹ 2 لاکھ 86 ہزار 7 پاونڈ میں خریدا گیا،اس فلیٹ کیلئے بھی 2 لاکھ 30 ہزار 607 پاونڈ کاروباری شخصیت جبکہ 55 ہزار 400 پاونڈ دیگر قریبی رفقا سے حاصل کئے گئے۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔