اپوزیشن کو ریلیف نہ دینے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ سارے بیروزگارسیاستدان اکٹھے...
شائع 09 اکتوبر 2020 08:04pm

وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ سارے بیروزگارسیاستدان اکٹھے ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپوزیشن کو ریلیف نہ دینے کا اعلان بھی کیا۔

کنونشن سنٹراسلام آباد میں آل پاکستان انصاف لائرز فورم کے زیراہتمام سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ قانون کی بالادستی نہیں مانتے، یہ خود کو قانون سے ماورا سمجھتے ہیں اورچاہتے ہیں ہم چوری کریں یا ڈاکے ڈالیں، ہمیں کوئی نہ پوچھے ،

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ سمجھتے ہیں سڑکوں پرنکل کرمجھے بلیک میل کرلیں گے ۔ نوازشریف لندن میں بیٹھ کرکارکنوں کوباہرنکلنے کا کہہ رہا ہے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ اپوزیشن جتنے مرضی جلسے کرلے قانون توڑا توجیل جائیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کوفوج سے کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ بیرون ملک میری کوئی جائیدا نہیں ۔ جب ڈاکٹرزنے نوازشریف کی اتنی بیماریاں بتائی تو شیریں مزاری آبدیدہ ہوگئیں۔

وزیراعظم کاکہنا تھا کہ عدالت ان کیخلاف فیصلے کرتی ہے توکہا جاتا ہے کہ "مجھے کیوں نکالا" ۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ سارے مل کردوسال بھی جلسے کریں، ہماراایک جلسہ ان سے زیادہ ہے، اپوزیشن جتنے مرضی جلسے کرے لیکن میں انہیں واضح کردیناچاہتاہوں کہ اگر قانون توڑا تو سیدھا جیل جائیں گے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف خود تو لندن بیٹھے ہوئے ہیں اورلوگوں کوحکومت کیخلاف باہر نکلنے کا کہہ رہے ہیں، میں ان کے کارکنوں کو کہتا ہوں کہ ان سے پیسہ بھی لیں، قیمے کے نان بھی کھائیں لیکن گھربیٹھے رہیں ۔

وزیراعظم نے سابق گورنرسندھ محمد زبیرکو آڑے ہاتھوں لیا اورکہا کہ ان کا ایک نیا ترجمان بنا ہے، میں اس کے بارے میں کیا کہوں، وہ ہمارے وزیرکا بھائی ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ مجھے پاکستانی فوج سے کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ وزیراعظم نے اپوزیشن کوکسی بھی قسم کا ریلیف نہ دینے کا اعلان کیا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کا مسئلہ جمہوریت نہیں کیونکہ جمہوریت تو میں ہوں، اگردھاندلی ہوتی تو ہمیں اتحادیوں کی ضرورت نہ پڑتی ۔