پاکستانی افواج ہر ایڈونچر سے نمٹنے کیلئے تیار ہے،دفتر خارجہ
دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور افواج ہر قسم کے مس ایڈونچر سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، ترجمان دفترخارجہ نے بھارت کو یاد دہانی کرا دی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کو بالاکوٹ اور پھر حال ہی میں لداخ میں ہونے والی ہزیمت نہیں بھولنی چاہئے، فارن پالیسی جریدہ کی رپورٹس میں بھارت کو دہشتگرد ریاست قرار دیا گیا ہے، انھوں نے روز ویلٹ ہوٹل کو پاکستان کا اثاثہ قرار دیا۔
ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوھدری نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 431 روز سے عوام کا محاصرہ جاری ہے، کشمیریوں پر ظلم وتشدد روا رکھا جارہا ہے، ان کا ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے،کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارتی فوج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کیا جارہا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ بھارتی اعلیٰ سول و عسکری قیادت پاکستان دشمنی میں ایسے بیانات دیتی ہے جو علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے، بھارت یاد رکھے کہ پاکستانی عوام اور افواج ہر قسم کے مس ایڈونچر سے نمٹنے کیلیے ہمہ وقت تیار ہے، بھارت کا اصل چہرہ ہر گزرتے دن کے ساتھ سامنے آ رہا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ فارن پالیسی جریدہ کی رپورٹس میں بھارت کو دہشتگرد ریاست قرار دیا گیا ہے، صدر اشرف غنی کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان کابل کا دورہ کریں گے جس کی تاریخوں کا تعین سفارتی ذرائع سے ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو کل بھوشن کے حوالے سے تیسری قونصلر رسائی کی پیشکش کی ہے، روزویلٹ ہوٹل حکومت پاکستان کا اثاثہ ہے، اس معاملہ پر وضاحت پی آئی اے ہی کرسکتا ہے۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔