علماء کمیٹی کی مولانا عادل کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے حکومت کو 48گھنٹے کی مہلت
کراچی :علماء کمیٹی نے معروف عالم دین مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے حکومت کو 48گھنٹے کی مہلت دے دی۔
کراچی علماء کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق اجلاس میں مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قتل کی مذمت کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق مولانا عادل کی ملک وبیرون ملک بے شمار خدمات ہیں اور انہوں نے فرقہ وارانہ کشیدگی کو کم کرنے میں کردار ادا کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور ریاستی ادارے قاتلوں کی فوری گرفتاری کے اقدامات کریں جبکہ علماء کمیٹی مولانا عادل کو سیکیورٹی نہ دینا حکومتی غفلت سمجھتی ہے لہٰذا حکومت تمام دینی اداروں اور اہم علماء کو فول پروف سیکیورٹی دے۔
اعلامیے کے مطابق علماء اور مدارس نے امن وامان برقرار رکھنے میں ہمشیہ مؤثر کردار اداکیا اور مولانا عادل کی نمازجنازہ کے موقع پر امن وامان مکمل برقرار رکھا گیا۔
علماء کمیٹی نے حکومت کو مہلت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت 48 گھنٹوں میں مولانا عادل کے قاتلوں کو گرفتار کرے۔
ایک بیان میں علماء کمیٹی نےکہا کہ اگر قاتل گرفتار نہ ہوئے تو احتجاج پرمجبور ہوجائیں گے جس میں ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا آپشن بھی شامل ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز شاہ فیصل کالونی میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر عادل خان اور ان کے ڈرائیور قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے تھےتاہم اب تک ان کے قتل کی تحقیقات میں پیشرفت نہیں ہوسکی ہے اور تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔