موٹر وے ریپ کیس: عابد ملہی اپنے جال میں خود کیسے پھنسا؟

موٹر وے ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو گرفتار کرلیا گیا۔ ...
اپ ڈیٹ 13 اکتوبر 2020 10:17am

موٹر وے ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو گرفتار کرلیا گیا۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ عابد کی گرفتاری کیلئے کونسا طریقہ آزمایا گیا؟

لاہور پولیس نے ملزم عابد ملہی کو اس کی بیوی کی مدد سے گرفتار کیا ہے۔ لاہور پولیس نے عابد ملہی کی بیوی کو خصوصی موبائل فراہم کیا تھا، جس پر اس کی مانیٹرنگ کی جارہی تھی۔

ملزم عابد ملہی مختلف نمبروں سے بیوی کو کال کرتا تھا اور اس سے رابطے میں تھا۔ لاہور پولیس اور حساس ادارے کی مانیٹرنگ ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ ملزم عابد ملہی نے اپنی بیوی کو ملاقات کے لیے مانگا منڈی بلایا ہے، جس کے بعد پولیس کی خصوصی ٹیم نے اس کی بیوی کو مانگا منڈی پہنچایا اور حساس ادارے اور پولیس کی ٹیم نے سول لباس میں اس کی بیوی کا پیچھا کیا۔

جب عابد بیوی سے ملاقات کے لیے نکلا تو پولیس نے بغیر کسی مزاحمت کے ملزم عابد ملہی کو گرفتار کرلیا۔

ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کے لیے پولیس نے باقاعدہ جال بنایا تھا جس میں وہ پھنس گیا۔ سفید کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکاروں نے بغیر کسی تشدد کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

واضح رہے کہ ملزم عابد علی کو لاہور پولیس نے مانگا منڈی میں مارے گئے چھاپے کے دوران گرفتار کیا۔ پنجاب پولیس نے خفیہ اداروں کی مدد سے انٹیلی جنس اطلاعات حاصل کرنے کے بعد چھاپہ مارا اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ملزم کو سانحہ گجر پورہ کے ایک ماہ اور 2 دن کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔ اس سے قبل سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے کہا کہ عابد ملہی کو جلد گرفتار کرلیں گے، ملزم کی گرفتاری میں تاخیر کی مکمل ذمہ داری لیتا ہوں، جرم کا ہوجانا اور اس کو روکا نہیں جاسکا یہ ہماری ذمہ داری ہے، لیکن میں نے اس بارے میں سینے پر ہاتھ مار کر کہا تھا کہ ملزمان کی نشاندہی 48 گھنٹوں میں کروں گا، تاہم 72 گھنٹوں میں ہی ہم نے ملزمان کو مکمل سراغ لگا لیا تھا۔