موٹروے زیادتی کیس:ملزم عابد کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیاگیا

لاہور :انسداد دہشتگردی کی ایک عدالت نے موٹروے زیادتی کیس کے...
شائع 13 اکتوبر 2020 01:59pm

لاہور :انسداد دہشتگردی کی ایک عدالت نے موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا جبکہ ساتھی ملزم شفقت کو جسمانی ریمانڈ پر 28اکتوبر تک پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا۔

سی آئی اے پولیس بکتر بند گاڑی میں موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو لےکر انسداد دہشتگردی عدالت پہنچی،کورٹ نمبر ایک کے جج ارشد بھٹہ نے کیس کی سماعت کی۔

ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں پیش کی اور ملزم کی شناخت پریڈ کیلئے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی۔

عدالت نے ملزم کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجے کا حکم دیا جس کے بعد سی آئی اے پولیس ملزم عابد کو لےکر جیل روانہ ہوگئی۔

دوسری جانب موٹروے زیادتی کیس میں ملوث مرکزی ملزم عابد کے ساتھی شفقت کو بھی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا۔

پولیس نے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی جس پر عدالت نے ملزم شفقت کو 28اکتوبر تک پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون کو ملزمان کی شناخت کیلئے جیل لایا جائے گا۔