منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیس: شہباز شریف سے کی گئی تفتیش کی رپورٹ جمع
لاہور:منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف سے کی گئی تفتیش کی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرادی گئی۔
اسپیشل پراسیکیوٹر نیب بیرسٹر عثمان جی راشد چیمہ نے رپورٹ احتساب عدالت میں پیش کی۔
نیب رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہباز شریف نے جسمانی ریمانڈ کے دوران تفتیشی افسروں سے کوئی تعاون نہیں کیا،لندن فلیٹس کی خریداری کیلئے حاصل غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی سے متعلق شہباز شریف کے ڈکلیئرڈ اثاثوں میں کوئی ذکر نہیں ہے، غیر ملکی قرضوں کی 4 ہزار پاؤنڈ ماہانہ قسط کی ادائیگی کا ذریعہ ظاہر نہیں کیا گیا،دستاویز سے واضح نہیں کیا کہ فلیٹس کے کرائے کی آمدن سے قرض ادا کئے۔
نیب رپورٹ کے مطابق شہباز شریف نے 2009 سے 2018 ء تک 14 کروڑ 46 لاکھ 76 ہزار روپے کی کاروباری آمدن ظاہر کی لیکن اس آمدنی والے کاروبار اور اخراجات کی تفصیلات نہیں دیں۔
نیب رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کے مختلف تحریری جوابات میں تضاد پایا گیا،12 اکتوبر کو شہباز شریف کو لندن فلیٹس سے متعلق ایک اور سوالنامہ دیا گیا ہے جس کا جواب لینا باقی ہے۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔