”بچیوں سے زیادتی ہورہی ہےملزمان دندناتے پھر رہے ہیں کسی کو نہیں چھوڑیں گے“
لاہور:چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے گجر پورہ زیادتی کے ملزم عابد ملہی کی گرفتاری پر پولیس افسران کیلئے انعام کے اعلان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ بچیوں سے زیادتی ہورہی ہے،ملزمان دندناتے پھر رہے ہیں، کسی کو نہیں چھوڑیں گے، یہ وردیاں اتار کر گھر بھیجا جائے گا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے پولیس کی جانب سے متروکہ وقف املاک کی زمین پر قبضے کیخلاف شہری ایم ذکی کی درخواست پر سماعت کی،آئی جی پنجاب انعام غنی عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ کیا پولیس کا کام یہ ہے کہ ملک میں اندھیر نگری شروع کرے، سڑکیں آپ سے سنبھالی نہیں جاتیں، ملزم آپ سے گرفتار نہیں ہوتے اور اشتہاری پکڑے نہیں جاتے، پولیس افسر پلاٹوں پر قبضوں کا کام کر رہے ہیں۔
چیف جسٹس نے مزید کہا عابد ملہی کی گرفتاری پر انعامی رقم کا اعلان کیوں کیا گیا یہ تو پولیس کی ذمہ داری ہے، اب پولیس افسر پہلے گرفتاری کیلئے انعام کا انتظار کرے ۔
عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ دیکھتے ہیں کہ آئی جی پنجاب کی تقرری کیسے قانون کے مطابق ہوئی، بچیوں سے زیادتی ہورہی ہےملزمان دندناتے پھر رہے ہیں،کسی کو نہیں چھوڑیں گے یہ وردیاں اتار کر گھر بھیج دیں گے۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔