Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

ہمیں سسلین مافیا کہا گیا، مافیا تو حکومت میں بیٹھا ہے: مریم نواز

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے گوجرانوالہ جلسے میں...
اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2020 09:04am

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے گوجرانوالہ جلسے میں اپوزیشن رہنماؤں نے حکومت کو خوب للکارا۔ اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ جلسے نے یہ پیغام دیا ہے کہ دھاندلی سے آئی حکومت کو اب جانا ہوگا۔

گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کے جلسے سے مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے حکومت پر خوب تنقید کی اور کہا ہمیں سسلین مافیا کہا گیا۔ مافیا تو حکومت میں بیٹھا ہے، جس کی وجہ سے مہنگائی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن کا راگ الاپتے ہیں، جب ان کی کرپشن کی داستانیں عام ہوں گی تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔

مریم نواز نے عاصم باجوہ پر بھی تنقید کی اور انہیں چیئرمین سی پیک اتھارٹی کے عہدے سے ہٹانے کا بھی مطالبہ کیا۔

چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب میں کہا کہ عمران خان کے گھبرانے کا وقت آچکا ہے، تیرکمان سے نکل چکا ہے، تحریک شروع ہوچکی ہے۔

بلاول نے کہا کہ پارلیمان کو ربر اسٹیمپ میں تبدیل کیا جا رہا ہے، فیٹف بل دھاندلی سے پاس کروایا گیا۔ کوئی کرپٹ ہے تو یہ سلیکٹڈ حکومت کرپٹ ہے۔ اب سلیکٹرز کو لاڈلا لاڈلا کھیلنا بند کرنا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مودی نے کشمیر پر حملہ کیا، عمران روتے رہے۔ آج مودی گجرات کے قصائی سے کشمیرکا قصائی بن گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا کشمیر کے سفیر بنیں گے، عمران خان کلبھوشن کے وکیل بن گئے، راتوں رات سب سے چھپا کر کلبھوشن کیلئے آرڈیننس نکالا گیا۔

بلاول نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ نے جمہوریت اور معیشت کا جنازہ نکال دیا، عمران کہتے ہیں میں جمہوریت ہوں، توسنیں آپ کٹھ پتلی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ اور سلیکٹرز کو ہمارے پیج پر آنا پڑے گا، ورنہ جانا پڑے گا، پیپلزپارٹی آخری لڑائی کیلئے تیارہے، اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے بھی جلسے سے خطاب میں کہا کہ جمہوریت کی صبح طلوع ہونے والی ہے، جمہوریت پسند قوتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں۔

انہوں نے کہا انشاء اللہ حکومت آنے والا دسمبر نہیں دیکھے گی، جعلی حکمران کو اقتدار کے تخت پر بٹھانے کا ذمہ دار کون ہے۔ سلیکٹڈ کی کارکردگی پر سلیکٹرز بھی شرمندہ ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہم نے پہلے دن ہی کہا تھا آپ کسی کے ایجنٹ ہیں، آج بین الاقوامی ادارے آپ کا بجٹ تیار کررہے ہیں، آپ نےکوئی قانون سازی کی تو فیٹف کے دباؤ پر کی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی سیاست کو کسی کے ہاتھ میں یرغمال نہیں دیکھنا چاہتے، عوام کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا ہے، اگریہ سلیکٹڈ ہیں تو کوئی تو سلیکٹر بھی ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ جعلی حکمران کو اقتدار کے تخت پر بٹھانے کا ذمہ دار کون ہے؟ سلیکٹڈ کی کارکردگی پر سلیکٹرز شرمندہ ہیں یا نازاں؟

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا جعلی حکمران کی اسمبلی میں نئی قانون سازی کی جارہی ہے، سندھ کے جزائر پر آرڈیننس آئین کے خلاف ہے، ہم سب کو مل کر ملک، آئین اور جمہوریت کو بچانا ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم کے جلسے میں اپوزیشن نے کورونا ایس اوپیز کی دھجیاں اڑادیں۔ نہ ماسک، نہ گلوز، سماجی دوری کا اصول تو بری طرح پامال کیا۔

جلسے سے قبل تحریری معاہدہ کیا گیا تھا کہ کورونا ایس او پیز کا خیال رکھا جائےگا، مگر کارکنان تو کارکنان، پارٹی قائدین نے بھی معاہدے کا پاس نہ رکھا۔ نشستیں بھی قریب قریب لگائی گئیں۔

گوجرانوالہ جلسے میں شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، میاں افتخار اور دیگر میزبانی کے فرائض ن لیگ نے سنھبالے۔ خرم دستگیرنے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دیے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div