Aaj News

ہفتہ, مئ 18, 2024  
09 Dhul-Qadah 1445  

مزارِ قائد کی بے حُرمتی، مریم نواز کی بھی گرفتاری کا مطالبہ

وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ مریم نواز اور کیپٹن...
شائع 19 اکتوبر 2020 12:27pm

وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر نے مزار قائد پر ہلڑ بازی کی، مزار قائد کو سیاسی اکھاڑا بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، یہ بھول جائیں کس نے گرفتار کیا، آپ جرم دیکھیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ انھوں نے قائداعظم کے مزار کی حرمت کو ٹھیس پہنچائی، یہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے شور مچارہے ہیں، ان کے جھوٹ کو جواب ہم ضرور دیں گے۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مزارِ قائد کی بے حرمتی پر مریم نواز کی بھی گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ مزار قائد کی بے حرمتی کا انجام صفدر اعوان کی گرفتاری ہی تھا، اس تمام ہلڑ بازی کے پیچھے بیگم صفدر کی پلاننگ تھی۔ بیگم صفدر کو بھی مزار کی بے توقیری پر گرفتار کیا جائے، انھیں بھی معافی مانگنی چاہئے تھی۔

وفاقی وزیرعلی زیدی نے کیپٹن صفدر کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کیپٹن صفدر ایک چھوٹا سا مہرہ ہیں، کیس کے اصل کرداروں کو گرفتار کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز، نہال ہاشمی، محمد زبیر بھی اس وقت موجود تھے، انھیں بھی پکڑیں اور مثال بنائیں۔ محض مہروں کی گرفتاری سے خانہ پوری ہرگز قبول نہیں۔ قوم اصل کرداروں کی گرفت کی منتظر ہے۔