کراچی سرکلر ریلوے کا سارا کریڈٹ چیف جسٹس کوجاتا ہے ،شیخ رشید

کراچی :وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے...
شائع 19 نومبر 2020 01:36pm

کراچی :وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کا سارا کریڈٹ چیف جسٹس آف پاکستان کو جاتا ہے ، ایک کوچ پر 90 لاکھ کی لاگت آئی ہے ۔

ادھورا خواب ہوا پورا ،25 سال کے طویل عرصے بعد کراچی کے ٹریک پر لوکل ٹرین دوڑ پڑی،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے سٹی اسٹیشن پر کراچی سرکلر لوکل ٹرین کا افتتاح کردیا ۔

پریس کانفرنس کے دوران وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کا پورا کریڈٹ چیف جسٹس اور وزیر اعظم عمران خان کے سر جاتا ہے ، 25 سال بعد کے سی آر کراچی کے عوام کلئے چلنے جارہی ہے شہری 46 کلو میٹر کا سفر صرف 30 روپے میں کرسکیں گے ، ایک کوچ پر 90 لاکھ کا خرچہ آیا ہے ۔

وفاقی وزیر ریلوے نے طنزیہ لہجے میں حکومت سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ہر بار کی طرح وہ اب اس کا کریڈت لے سکتے ہیں ،کے سی آر پر قبضہ مافیا سرگرم ہے جس کا خاتمہ کر رہے ہیں اگلے مرحلے میں مزید 14کلو میٹر کے سی آر بحال کردیں گے۔

شیخ رشید نے حکومت مخالف جماعتوں کو بھی آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں تارِیخ کے شفاف الیکشن ہوئے اگر کوئی اسکو نہیں مان رہا تو کسی کو بھی نہیں مان سکتا اپنی شکست تسلیم نہ کرنے والوں سے ووٹ کو اصل خطرہ ہے ۔

اس دوران وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے سٹی اسٹیشن سے کینٹ اسٹیشن تک صحافیوں کے ہمراہ لوکل ٹرین میں سفر بھی کیا۔