شہباز شریف اورحمزہ شہباز کی پرول پر رہائی میں ایک روز کی توسیع

لاہور:پنجاب حکومت نے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف اوران کے...
اپ ڈیٹ 02 دسمبر 2020 02:38pm

لاہور:پنجاب حکومت نے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف اوران کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی پرول پررہائی میں ایک روز کی توسیع کردی،جس کی وزیرقانون راجہ بشارت نے تصدیق بھی کردی۔

حکومت پنجاب نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پرول پر رہائی میں مزید 24گھنٹوں کی توسیع کی منظوری دے دی،وزیراعلیٰ پنجاب نے دونوں رہنماؤں کے پرول کی مدت میں ایک دن کی توسیع کی منظوری دی۔

وزیرقانون راجہ بشارت نے دونوں رہنماؤں کی پرول پر رہائی میں توسیع کی تصدیق بھی کردی اور کہا کہ پرول میں ایک روز کی توسیع انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

یاد رہےکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے گزشتہ روز محکمہ داخلہ پنجاب کو ایک درخواست دی گئی تھی جس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی استدعا کی گئی تھی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ایک بڑی سیاسی جماعت کے صدر ہیں جبکہ حمزہ شہباز بھی پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہیں، ملک بھر سے لوگ شہباز شریف سے ان کی والدہ اورحمزہ شہباز سے ان کی دادی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کیلئے آنا چاہتے ہیں۔

استدعاہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت میں مزید اضافہ کیا جائے،جس پر دونوں لیگی رہنماؤں کی پرول میں مزید ایک روز کی توسیع کردی گئ ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے پرول میں توسیع کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے پہلے ہی انسانی ہمدردی میں معمول سے زیادہ دنوں کلئےع پرول دیا، سیاسی گپ شپ اور کاروباری معاملات چلانے کلئےک پرول میں توسیع نہیں ملے گی۔

یاد رہے کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو جمعہ 27 نومبر کو 5 روز کیلئے پرول پر رہا کیا گیا تھا۔