Aaj TV News

BR100 4,852 Increased By ▲ 16 (0.33%)
BR30 24,614 Increased By ▲ 169 (0.69%)
KSE100 45,896 Increased By ▲ 169 (0.37%)
KSE30 19,121 Increased By ▲ 101 (0.53%)

جنوبی کوريا کے ايک اسٹارٹ اپ نے مصنوعی ذہانت کی ٹيکنالوجی بروئے کار لاتے ہوئے کتوں کے ليے ايک ايسا پٹا تيار کيا ہے، جو يہ بتا سکتا ہے کہ کتا بھونکتے وقت کيا کہہ رہا ہے اور اس کا مزاج کيسا ہے۔

آواز سے جذبات کی شناخت کرنے والی ٹيکنالوجی کی مدد سے يہ پٹا کتوں کے بھونکنے کی آواز سے پانچ مختلف جذبات کا پتا لگا ليتا ہے۔ 'پیٹ پلس‘ نامی کالر پالتو کتے کے مالک کو ايک اسمارٹ فون ايپ کی بدولت اس بارے ميں مطلع کر سکتا ہے کہ کتا خوش ہے، پر سکون ہے، الجھن ميں ہے، غصے ميں ہے يا پھر غم زدہ ہے۔ يہ پٹا کتوں کی جسمانی حرکات اور ان کے سونے کی ترتيب کا بھی ريکارڈ رکھتا ہے۔

"پیٹ پلس ليب" کے گلوبل مارکيٹنگ ڈائريکٹر اينڈرو گل کا کہنا ہے، 'يہ ڈيوائس کسی کتے کو وہ آواز ديتی ہے، جو انسان سمجھ سکتے ہيں۔'

اس نئی کمپنی نے اپنے منصوبے کو حتمی شکل دينے کے ليے کتے کے بھونکنے کی مختلف آوازوں کا تجزيہ سن 2017 ميں شروع کيا تھا۔ تين برس کی تحقيق کے بعد انہوں نے کتوں کی پچاس سے زائد نسلوں پر مبنی دس ہزار سے زائد نمونوں کی بنياد پر ايک الگورتھم تيار کيا۔ يہ تجرباتی کالر آزمائش ميں نوے فيصد تک درست ثابت ہوا۔ اس کی آزمائش سيول نيشنل يونيورسٹی ميں کی گئی۔ "پیٹ پلس ليب" کمنپی کا دعویٰ ہے کہ وائس ريکگنيشن ٹيکنالوجی کی مدد سے تيار کيا گيا، اس طرز کا پہلا پٹا ہے۔

"پيٹ پلس لي"‘ اسٹارٹ اپ نے پچھلے سال اکتوبر ميں يہ کالر انٹرنيٹ پر ننانوے ڈالر ميں فروخت کرنا شروع کيا تھا۔ يورو مانيٹر کے مطابق گزشتہ برس پالتو جانوروں کی ديکھ بھال کی اشياء کی صنعت کی ماليت 138 بلين ڈالر رہی تھی۔ سن 2019 کے مقابلے ميں اس صنعت ميں پچھلے سال چونتيس فيصد کا اضافہ نوٹ کيا گيا، جس کی ايک بڑی وجہ يہ تھی کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے لوگوں نے کافی وقت گھروں پر اپنے پالتو جانوروں کے ساتھ گزارا۔

اسی دوران کتوں کی عالمی آبادی ميں بھی اٹھارہ فيصد کا اضافہ ريکارڈ کيا گيا، جو اب مجموعی طور پر 489 ملين ہو گئی ہے۔