Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

بھارت: نوجوان بیٹیاں "بَلی" چڑھا دی گئیں، دوبارہ زندہ ہونے کا دعویٰ

بھارت میں بَلی چڑھانے کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں والدین نے اپنی...
شائع 26 جنوری 2021 09:01am

بھارت میں بَلی چڑھانے کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں والدین نے اپنی دو نوجوان لڑکیوں کو قتل کر کے ان کی بَلی چڑھانے کا دعویٰ کیا ہے جس کی تفتیش پولیس کر رہی ہے۔

بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں توہم پرست ماں باپ نے مذہبی رسم میں بَلی چڑھانے کے لیے اپنی دو جوان بیٹیوں کو قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آندھرا پردیش کے ضلع چتوڑ میں قتل کی ایک انوکھی واردات کا انکشاف ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایک تین منزلہ مکان سے دو جوان لڑکیوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جنھیں بظاہر پوجا کے دوران تن سازی کے لیے استعمال ہونے والے گولوں یا ڈمبل سے وار کرکے قتل کیا گیا ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ کسی رسم کے طور پر کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر ایک رسم ادا کی جارہی تھی جس کے شواہد بھی ملے ہیں۔ مقتولہ لڑکیاں سرخ ساریوں میں ملبوس تھیں اور انہیں قتل کرنے والے ان کے والدین سے ہونے والی ابتدائی پوچھ گچھ سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ انتہائی توہم پرست ہیں۔

مقامی پولیس افسر چیدانند ریڈی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے باعث اس گھر میں کئی مہینوں سے کوئی باہر سے نہیں آیا تھا۔

گزشتہ شب واقعے کی اطلاع ملنے پر جب پولیس مکان میں داخل ہوئی تو لڑکیوں کے ماں باپ نے عجیب و غریب دعوے بھی کرنا شروع کردیے اور کہا کہ انہیں کچھ وقت دیا جائے تو وہ اپنی بیٹیوں کو دوبارہ زندہ کردیں گے۔

اس سے قبل لڑکیوں کے باپ نے اپنے دوست کو فون کرکے قتل کے واقعے کے بارے میں بتایا جس نے پولیس کو مطلع کردیا۔ والدین کا کہنا ہے کہ ان کے گھر میں کئی طلسمات اور جادوئی واقعات رونما ہورہے ہیں اور بہت جلد ان کی مقتولہ بیٹیاں واپس آجائیں گی۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کا ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ اپنی بیٹیوں کو مبینہ طور پر کسی رسم کے لیے بَلی چڑھانے والے والدین انتہائی تعلیم یافتہ ہیں۔ پولیس نے ان دونوں کو تحویل میں لے لیا ہے اور مقتولین کی لاشوں کے پوسٹ مارٹم کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ مقتول لڑکیوں کی عمر 22 اور 27 برس بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ ہندومذہب میں کافی رسومات ایسی ہیں جو کہ اب ختم ہوتی جا رہی ہیں سوائے کچھ انتہا پسند ہندو لوگوں کے کہ جن کے ہاں ابھی بھی یہ رسوم موجود ہیں۔مثال کے طور پر ماضی میں جب شوہر مر جاتا تھا تو اس کی ”چتا کی اگنی“ میں اس کی بیوہ کو بھی جل کر مرنا ہوتا تھا مگر جیسے جیسے شعور آیا تو یہ رسم ختم ہو گئی۔

اسی طرح نوجوان لڑکیوں کی کتے یا گائے کے ساتھ شادی کرنے کا رواج تو آج بھی دیکھنے میں ملتا ہے۔ اس کے علاوہ جانور کی بلی چڑھانے کا رواج بھی نظر آتا ہے مگر ماضی میں نوجوان لڑکیوں اور بچوں کی بلی چڑھانے کے واقعات بھی تاریخ میں ملتے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ ختم ہو گئے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div