Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
18 Ramadan 1445  

تباہ کن مہنگائی نےعام آدمی کا جینا مشکل کردیا ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے...
شائع 01 جون 2021 11:59am

اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بڑی بڑی باتیں کرنا عمران خان کی عادت ہے، ان کی فوٹو شاپ معاشی ترقی کو عوام مسترد کرچکے ہیں،تباہ کن مہنگائی نے عام آدمی کا جینا مشکل کردیا ہے،عمران خان نے اقتدار تو ہتھیالیا لیکن انہیں اب تک علم نہیں کہ ملک کیسے چلایا جاتا ہے۔

جاری کئے گئے بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلے نام نہاد کرپشن کے اعداد وشمار میں مبالغہ آرائی کی گئی اور اب جعلی معاشی ترقی کے گن گائے جا رہے ہیں، بڑی بڑی باتیں کرنا عمران خان کی عادت ہے۔

بلاول بھٹو کاکہنا تھا کہ پاکستان میں 21 فیصد سے زائد شرح غربت معاشی ترقی کے دعوؤں کو غلط ثابت کر رہی ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے معاشی بدحالی کو ایڈٹ کر کے معاشی ترقی بنادینے سے عوام کی قسمت نہیں بدلے گی،عمران کی فوٹو شاپ معاشی ترقی کو پاکستان کے عوام مسترد کرچکے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ اگر معاشی شرح نمو میں اضافہ ہوا ہے تو پی ٹی آئی کیوں خیبرپختونخوا کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے بجٹ میں کٹوتی کر رہی ہے؟ عالمی اداروں کی جانب سے ملک میں شرح غربت 40 فیصد تک ہونے کا اندازہ ایک تشویشناک صورتحال کی جانب اشارہ کررہا ہے، تباہ کن مہنگائی نے عام آدمی کا جینا مشکل کردیا ہے، ایسے میں فراڈ معاشی ترقی کی باتیں عوامی غم و غصے کو مزید بھڑکا رہی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن سے نجات کیلئے ضروری ہے عمران کے اسٹیٹس کو کو توڑا جائے، معاشی مسائل سے ناواقف عمران نے اقتدار تو ہتھیالیا لیکن انہیں اب تک علم نہیں کہ ملک کیسے چلایا جاتا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ نصف صدی کے تجربے کی حامل پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کی معاشی سمت کو درست کرسکتی ہے ۔

pm imran khan

karachi

PPP Chairman

Bilawal Bhutto Zardari

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div