پنجاب: مختلف شہروں میں ماتمی جلوس اختتام پذیر

پنجاب بھر کے مختلف شہروں میں چہلم امام حسینؓ کی مناسبت سے نکالے...
شائع 28 ستمبر 2021 11:40pm

پنجاب بھر کے مختلف شہروں میں چہلم امام حسینؓ کی مناسبت سے نکالے گئے ماتمی جلوس اختتام پذیر ہو گئے۔

عزاداروں نے شہدائے کربلا کی یاد میں سینہ کوبی کی اور علم و ذوالجناح کے جلوس نکالے۔

حضرت امام حسین اور دیگر شہدائے کربلا کی یاد میں پنجاب بھر میں علم و ذوالجناح کے ماتمی جلوس نکالے گئے۔

فیصل آباد کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اعزا خانہ شبیر سے شروع ہوا اور گھنٹہ گھر سے ہو کر واپس اعزا خانہ شبیر پر اختتام پذیر ہوا، گوجرانوالہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ابن ابوطالب جبکہ ملتان کا جلوس آستانہ لال شاہ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ خانیوال، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی ماتمی جلوس اختتام پذیر ہو گئے۔

جھنگ میں چہلم کے موقع پر 35 جلوس نکالے گئے، مرکزی جلوس ڈیرہ نواب سے برآمد ہوا اور امام بارگاہ قدیمی پر اختتام پذیر ہوا۔

جلال پور پیروالا کا مرکزی جلوس دربار غریب شاہ قلندر پرمٹ روڈ پر اختتام پذیر ہوا۔ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، سرگودھا اور بھکر میں بھی چہلم کے جلوس اختتام پذیر ہو گئے۔

پنجاب بھر میں چہلم امام حسینؓ کے جلوسوں کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ جلوس کے روٹ پر عزاداروں کیلئے لنگر اور سبیلوں کا اہتمام بھی کیا گیا۔