عوام سے حق دو تحریک کا حصہ بننے پر زور

جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم کہتے ہیں جماعت اسلامی واحد ...
شائع 10 اکتوبر 2021 12:45am

جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم کہتے ہیں جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو شہر کی از سر نو تعمیر کرسکتی ہے،کراچی میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد آئیں اور جماعت اسلامی کی حق دو تحریک کا حصہ بنیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی میں پانی،بجلی،ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شہری مسائل اوران کے حل کے حوالے سے 'ری بلٹ کراچی کانفرنس' سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی منی پاکستان اور معاشی حب ہے جو پورے ملک کو چلارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو از سر نو تعمیر کرنے کے لیے اونر شپ اور بااختیار شہری حکومت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کے دعویداروں نے لوکل باڈیز اور اسٹوڈنٹس یونینز پر شب خون مارا ہے، بد ترین حالات کے باوجود بھی کراچی پورے ملک کو 41 فیصد انکم ٹیکس دیتا یے۔

انہوں نے کراچی میں فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے پیپلزپارٹی پر تنقید کی اور کہا کہ جب جعلی مردم شماری پر قومی وصوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ہوسکتے ہیں تو بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کروائے جاتے۔ حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو شہر کی از سر نو تعمیر کرسکتی ہے۔