Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کورکمیٹی کا اجلاس

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا ...
شائع 02 دسمبر 2021 08:46pm

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا ہے ۔

اجلاس میں پنجاب اورخیبرپختوخوا کے وزرائے اعلی نے بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی پربریفنگ دی ۔

اجلاس میں وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات کے لیے پارٹی سطح پر موثرمہم چلانے کی ہدایت کی ۔

اجلاس میں وزیراعلی پنجاب نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ ، اتحادی جماعتوں کے تحفظات اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں سے آگاہ کیا ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بلدیاتی انتخابات کے لیے پارٹی سطح پر موثر مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امیدواروں کے انتخاب کے ساتھ پارٹی عہدیداروں کی مشاورت سے انتخابی حکمت عملی تیار کی جائے ۔

اجلاس میں کورکمیٹی ارکان کو احساس پروگرام اور صحت کارڈ پروگرام سے متعلق بریفنگ دی گئی اور ارکان کو کہا تھا کہ انتخابی مہم میں ان اقدامات کو بھرپور اجاگر کیا جائے۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی مہنگائی کا ورد کر رہے ہیں، آج مہنگائی ان کے کرتوتوں کی وجہ سے ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپنے دور میں پالیسیاں بہتر رکھتے تو آج ہمیں بیرون دنیا پر انحصار نہ کرنا پڑتا، یہ تھکے ہوئے پہلوانوں کا ٹولہ ہے ۔

فواد چوہدری نے مزید کہا ای وی ایم کے حوالے سے اپوزیشن اپنے تحفظات خود دور نہیں کرنا چاہتی، الیکشن کمیشن درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، ٹیکنیکل کمیٹیوں کی تشکیل سے معلوم ہوگا کہ کس طرح ہم نے ای وی ایم پر الیکشن کروانا ہے، ای وی ایم پر الیکشن کی لاگت عمومی الیکشن پر آنے والی لاگت کے برابر ہوگی۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے مزید کہا سندھ حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس پروگرام میں شامل ہو تاکہ ہر آدمی کو اس کا فائدہ پہنچے ۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلئے سیکیورٹی پلان کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نےخیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات ایف سی اور پولیس کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ایف سی اور پولیس اہلکار پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر ڈیوٹی سرانجام دیں گے اور انتخابی مواد کی ترسیل بھی سخت سیکیورٹی میں کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف سی اور پولیس کے ڈیوٹی افسران کومجسٹریٹ درجہ اول کےاختیارات حاصل ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات میں ایف سی اور پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کیلئے وزارت داخلہ اور خیبرپختونخوا حکومت کو جلد مراسلے لکھے گا۔

یاد رہےکہ خیبرپختونخوامیں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے پولنگ 19 دسمبر کو ہوگی۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div