آغا سراج درانی کےخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت

کراچی کی احتساب عدالت میں اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی...
شائع 06 دسمبر 2021 11:07pm

کراچی کی احتساب عدالت میں اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کےخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا آغاسراج مفرورتھے،انھیں اسلام آباد میں گرفتارکیاگیا۔

پراسیکیوٹر کا مزید کہنا تھا کہ ریمانڈ کی ضرورت نہیں جیل کسٹڈی کردیا جائے ۔

بعدازاں عدالت نے آغا سراج کو تیئیس دسمبر تک کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔

سپریم کورٹ کا آغا سراج درانی کو نیب کے سامنے سرینڈر کرنے کا حکم

اس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو نیب کے سامنے سرینڈر کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے آغا سراج درانی کے وکیل کی ٹرائل کورٹ کے سامنے سرینڈر کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی پہلےسندھ ہائیکورٹ کے حکم پر عمل کریں۔

جسٹس عمرعطا ءبندیال نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ ٹرائل کورٹ کے سامنے سرینڈر کرنے کا حکم نہیں دے سکتے، ہم نے قانون کے مطابق چلنا ہے۔

جسٹس سجاد علی شاہ نے اپنے بھی ریمارکس میں کہا کہ آغا سراج درانی پہلےنیب اتھارٹی کو سرینڈرکریں ، سرینڈر کریں گے تو آپ کی درخواست ضمانت ٹیک کرلیں گے۔

اس موقع پر آغا سراج درانی کے وکیل نے جواب دیا کہ عدالت کے سامنے مؤکل نے سرینڈر کر دیا ہے ،کم از کم ٹرائل کورٹ کے سامنے سرینڈر کرنے کی اجازت دے دیں،جس پر جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ اس طرح کے سرینڈر کو عدالت نہیں مانتی ۔

عدالت نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو احاطہ عدالت سے گرفتار نہ کرنے کی استدعا مسترد کردی اور کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

بعدازاں نیب نے آغا سراج درانی کو گرفتار کرلیا تھا۔