'منی بجٹ پاکستان کی قومی سلامتی اور خودمختاری کا سودا ہے'
قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ منی بجٹ پاکستان کی قومی سلامتی اور خودمختاری کا سودا ہے، متحدہ اپوزیشن کی طاقت سے اس منی بجٹ کو منظور نہیں ہونے دیں گے۔
لاہور سے جاری ایک بیان میں مسلم لیگ نون کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ منی بجٹ منظور ہوا تو پاکستان کی معاشی خودمختاری ہار جائے گی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ منی بجٹ حکومت کے جیو اکنامکس کے تصور کے منافی ہے، اگر حکومت نے جیواکنامکس پر پاکستان کو لے کر چلنا ہے تو منی بجٹ واپس لیا جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہونے کے باوجود قوم کو ریلیف نہیں دیا گیا، مہنگائی کا علاج مزید مہنگائی کی کڑوی گولی سے کرنا حماقت در حماقت اور ظلم کی انتہاء ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو بلڈوز کرکے منی بجٹ منظور کرایا گیا تو پاکستان کی نئی اسٹیبلشمنٹ کا نام آئی ایم ایف ہو گا۔ قومی مفادات پر حکومت کی جانب سے ذاتی سیاست کرنا افسوسناک ہے۔
شہبازشریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کے چالان میں 100گواہوں کی فہرست سامنے آگئی
دوسری جانب شہباز شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کے چالان میں ایف آئی اے کے 100 گواہوں کی فہرست سامنے آگئی۔
اپوزیشن لیڈر شہبازشریف فیملی کیخلاف شوگر کاروبار کے ذریعے منی لانڈرنگ کے چالان کے معاملے پر ایف آئی اے کی جانب سے 100گواہوں کی فہرست سامنے آگئی۔
گواہوں کی فہرست میں کباڑیا،ہارڈوئیر،ڈرائی فروٹ، سینیٹری اسٹورزمالکان ، اسکریپ ڈیلر،کنسٹرکشن کمپنیاں گواہوں ، ڈیری فارم، جنرل اسٹور، آکسیجن سیلنڈروینڈرز شامل ہیں۔
دستاویزات کے مطابق انجینئرز،وکیل، بینکرز، ڈاکٹرز،ایس ای سی پی، ایف آئی اے اہلکار ، رائس ڈیلر،ڈینٹل پارٹس ڈیلر،جیولرز،پراپرٹی ڈیلر بھی گواہوں کی لسٹ میں شامل ہیں۔
گواہان کے شناختی کارڈمنی لانڈرنگ اور اکاؤنٹ کھلوانےکیلئے استعمال ہوئے، تمام گواہان عدالت کے روبرو ایف آئی اے کے موقف کی تائید کریں گے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کے دستاویزی شواہد چالان کا حصہ بنائے ہیں۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔