'شہزاد اکبر ملکی سیاست کے اومیکرون ہیں، جنہوں نے جھوٹ کی بنیاد پر مقدمات قائم کرائے'

لیگی رہنماوں نے دعویٰ کیا ہے کہ شہزاد اکبر کے ملک سے بھاگنے کی...
شائع 17 دسمبر 2021 07:44pm

لیگی رہنماوں نے دعویٰ کیا ہے کہ شہزاد اکبر کے ملک سے بھاگنے کی منصوبہ بندی پر عمران خان نے وزرا کے بیرون ملک سفر پر پابندی لگائی۔ شہزاد اکبر ملکی سیاست کے اومیکرون ہیں، جنہوں نے جھوٹ کی بنیاد پر مقدمات قائم کرائے۔

معاون خصوصی شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان شہباز شریف ملک احمد خان کے ہمراہ مسلم لیگ نون کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ان کے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ عمران خان نے شہزاد اکبر کو ایک سے زائد بار سرزنش کی، اور پوچھا کہ ان کے بنائے گئے مقدمات میں ضمانتیں کیوں ہو جاتی ہیں۔ عمران خان کو شہزاد اکبر کے بیرون ملک بھاگنے کی بھنک پڑ گئی تھی۔

ترجمان شہباز شریف ملک احمد خان نے کہا کہ شہزاد اکبر ملکی سیاست کے اومیکرون ہیں، جنہوں نے جھوٹ کی بنیاد پر مقدمات قائم کرائے۔ جس پر نیب، ایف آئی اے اور دیار غیر ہزیمت اٹھانا پڑی، ہم ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ خانیوال میں مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخابات میں کامیابی کا تسلسل قائم رکھا، آئندہ عام انتخابات میں کوئی بھی پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینے کو تیار نہیں ہو گا۔

منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

اس سے قبل لاہور کی بنکنگ جرائم عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 4 جنوری تک توسیع کردی۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں بینکنگ جرائم عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت نے ایف آئی اے کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا بینکنگ عدالت کو اس کیس کی سماعت کا اختیار ہے اور چالان اس عدالت میں کیسے جمع کرا دیا؟ ۔ ایف آئی اے وکیل نے جواب دیا کہ ہمیں گزشتہ تاریخ پر بینکنک عدالت کے ڈیوٹی جج نے چالان بینکنک کورٹ میں جمع کرانے کا کہا تھا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو پراسیکیوشن نے دیکھنا تھا کہ چالان کہاں جمع ہوگا۔ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ وہ چالان دیکھ کر ہی بہتر طور پر عدالت کی معاونت کرسکتے ہیں ، جب شریک ملزمان نے بینکنک عدالت سے ضمانت لی تو تفتیشی نے یہیں سے ہی تاریخ لی تھی۔ عدالت نے فریقین سے مزید دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 4جنوری تک ملتوی کر دی۔