Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

پی سی بی کاسال 2021 کے ایوارڈز کا اعلان، کس کھلاڑی نے کون سا ایوارڈ جیتا؟

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سال2021 کے ایوارڈز کیلئے...
شائع 07 جنوری 2022 09:34am

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سال2021 کے ایوارڈز کیلئے مختلف کیٹیگریز کے کامیاب کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کلینڈر ایئر 2021 میں متاثر کن کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔

پی سی بی کے مطابق کیلنڈر ایئر 2021 میں وکٹوں کے پیچھے 56 شکار کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ میں 455 رنز، ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 134 رنز اور ٹی 20 انٹرنیشنل میں ریکارڈ ساز 1326 رنز بنانے والے محمد رضوان نے سال کے سب سے قابل قدر کھلاڑی کا ایوارڈ جیت لیا۔

اس ایوارڈ کیلئے محمد رضوان کے علاوہ بابر اعظم، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کو نامزد کیا گیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر

سال 2021 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے سال کے سب سے قابل قدر کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے کے علاوہ سال کے بہترین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق محمد رضوان کا کہنا ہے کہ انہیں کیلنڈر ایئر 2021 کے سب سے قابل قدر کھلاڑی کا ایوارڈ جیتنے پر فخر ہے،وہ مطمئن ہیں کہ انہوں نے 2021 میں اپنی کارکردگی سے تمام فارمیٹس میں پاکستان کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا۔

رضوان نے مزید کہا کہ ٹی 20 کرکٹ میں یہ ان کا ایک غیر معمولی سال تھا۔ سال کے آغاز میں ہی انہوں نے جنوبی افریقا کخلا ف ٹی 20 سیریز میں سنچری بنا ڈالی اور پھر اسی اعتماد کے ساتھ باقی سال بھی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا۔

ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر

اس کے علاوہ 9 ٹیسٹ میچز میں 41 وکٹیں حاصل کرنے پر فاسٹ بو لر حسن علی کو سال کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر قرار دیا گیا ہے۔

حسن علی نے اس سال ایک مرتبہ ایک اننگز میں 10 وکٹیں جبکہ 5 مرتبہ ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دو پلیئر آف دی میچ اور ایک پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈز بھی جیتے۔

پی سی بی کے مطابق بہترین ٹیسٹ کرکٹر کا ایوارڈ جیتنے کے بعد حسن علی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پانا ان کیلئے باعث فخر لمحہ ہے۔

حسن علی نے کہا کہ وہ 2021 میں نہ صرف بین الاقوامی کرکٹ میں کامیاب واپسی کرنے میں کامیاب رہے بلکہ گزشتہ سال انہوں نے ٹیم کی مجموعی کامیابی میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

فاسٹ بولرحسن علی نے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے خلاف 10 وکٹیں حاصل کرنا کیلنڈر ایئر 2021 میں ان کا یادگار لمحہ ہے۔

ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر

پی سی بی کے مطابق پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو 6 ون ڈے میچز میں 2 سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 405 رنز بنانے پر ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی

اس کے علاوہ 24 اکتوبر کو آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈ کپ 2021 میں دبئی میں بھارت کے خلاف شاہین شاہ آفریدی کے31 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے بولنگ اسپیل کو سال کا سب سے متاثرکن کارکردگی کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ عالمی ایونٹ میں روایتی حریف کیخلاف ان کے بولنگ اسپیل کے سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی کے طور پر منتخب ہونے پر وہ بہت خوش ہیں۔

شاہین شاہ آفرید ی نےمزید کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز سے ہی ایک جارحانہ اور بے خوف آغاز درکار تھا اور انہیں خوشی ہے کہ وہ پاکستان کو ویسا ہی آغاز فراہم کرنے میں کامیاب رہے۔

ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر

پی سی بی کے مطابق محمد وسیم جونیئر نے 2021 میں 45 وکٹیں لے کر ابھرتے ہوئے کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا ہے، اس میں 15 انٹرنیشنل وکٹیں بھی شامل ہیں۔

ویمنز کرکٹر آف دی ایئر

ویمنز کرکٹر آف دی ایئر کیٹیگری میں ندا ڈار کو 604 رنز بنانے اور 25 وکٹیں لینے پر سال کی بہترین خاتون کرکٹر قرار دیا گیا۔

ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر

پی سی بی کے مطابق صاحبزادہ فرحان نے پاکستان کپ میں 487 رنز، قومی ٹی 20 میں 447 رنز اور قائداعظم ٹرافی میں 935 رنز بنا کر ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں کامیابی کے بعد قومی ٹیم کا نمیبیا کے ڈریسنگ روم کا دورہ کرکے ان کے کھیل کی تعریف کرنے پر اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ ملا ہے۔

اس کے علاوہ مسلسل دوسرے سال، پی سی بی کے ایلیٹ میچ آفیشلز نے آصف یعقوب کو امپائر آف دی ایئر منتخب کیا ہے۔

PCB

lahore

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div