Aaj News

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر...
شائع 20 فروری 2022 07:29pm

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے، جن کی شناخت حبیب نواز عرف شکیل، وحید اللہ، عبدالرحمان اور محمد اللہ کے ناموں سے ہوئی جبکہ پانچویں کی شناخت کی جارہی ہے، مذکورہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر ایمونیشن برآمد ہوا، جن میں مشین گنز، دستی بم اور بڑی تعداد میں گولیاں بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے مقابلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا، 28 سالہ شہید شبیر احمد کا تعلق کوئٹہ سے تھا، شہید شبیر نے جواں مردی سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

ISPR

security forces

operation

terrorist killed

Comments are closed on this story.

مقبول ترین