Aaj News

منگل, مئ 07, 2024  
28 Shawwal 1445  

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا

پاکستان کے نوح دستگیر بٹ نے کامن ویلتھ گیمز میں تاریخ رقم کرتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے سینے پر سجایا۔
اپ ڈیٹ 04 اگست 2022 01:46pm
نوح دستگیر بٹ نے مجموعی طور پر 405 کلو گرام وزن اٹھا کر گولڈ میڈل جیتا۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر
نوح دستگیر بٹ نے مجموعی طور پر 405 کلو گرام وزن اٹھا کر گولڈ میڈل جیتا۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر

برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز 2022 میں پاکستان نے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا۔

گوجرانوالا سے تعلق رکھنے والے ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا، انہوں نے کامن ویلتھ گیمز میں تاریخ رقم کرتے ہوئے طلائی تمغہ اپنے سینے پر سجایا۔

نوح دستگیربٹ 109پلس کیٹگری میں ان ایکشن ہوئے،بھارت سمیت دیگر ممالک کے ویٹ لفٹرز کو دھول چٹائی اورپاکستان کو گیمز میں پہلا گولڈ میڈل جتوادیا۔

پاکستانی ویٹ لفٹر نے اسنیچ میں ریکارڈ 173کلو وزن اٹھایا اورکلین اینڈ جرک میں 232کلوکے ساتھ میدان مارا جبکہ انہوں نے مجموعی طور پر 405کلو وزن گرام وزن اٹھایا۔

برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمزکا ویٹ لفٹنگ ہال پاکستان زندہ بادکےنعروں سےگونج اٹھا۔

ویٹ لفٹنگ کے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے سلور میڈل جبکہ بھارت کے گردیپ سنگھ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے نوح دستگیر بٹ نے فتح کو والد اور قوم کے نام کردیا

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے فتح کو اپنے والد اور قوم کے نام کردیا۔

برمنگھم میں آج نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نوح دستگیر بٹ کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے میرے لیے دعائیں کیں ،میں ان سب کا شکریہ اداکرتا ہوں، وہ اس بار گولڈ میڈل اپنے نام کرنے کے لیے آئے تھے اتنا وزن اٹھانا آسان نہیں ہوتا، 12سے 13 سال کی محنت کے بعد یہ کرپایا۔

گولڈ میڈل جیتنے پر وزیراعظم کی نوح دستگیر بٹ کو مبارکباد

برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی جانب سے پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے نوح دستگیر بٹ کو مبارکباد دی ہے۔

شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ویلڈن بٹ صاحب۔

گولڈ میڈل جیتنے والے نوح دستگیر بٹ کے لیے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ کے لیے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔

پی ایس بی کی جانب سے برونز میڈل جیتنے والے جوڈو پلیئر شاہ حسین شاہ کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔

ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ آصف زمان کا کہنا ہے کہ نوح دستگیر نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، حکومت ہر سطح پر اپنے ایتھلیٹس کی سرپرستی کرے گی۔

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے پہلا میڈل جیت لیا

دوسری جانب جوڈو کے ایونٹ میں مائنس 90 کلو گرام کیٹگری کے میچ میں شاہ حسین شاہ نے جنوبی افریقا کے ایتھلیٹ کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا۔

شاہ حسین شاہ نے دوسری مرتبہ کامن ویلتھ گیمز میں میڈل جیتا ہے، انہوں نے 2014 کے گلاسگو کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔

نوجوان جوڈوکا اولمپک میڈلسٹ باکسر حسین شاہ کے بیٹے ہیں، شاہ حسین شاہ نے پہلی مرتبہ 90 کے جی باؤٹ میں شرکت کی۔

کامن ویلتھ گیمز کے میڈلز ٹیبل پر اب پاکستان کا 19واں نمبر ہے اور اس کے میڈلز کی تعداد 2 ہے جن میں ایک گولڈ اور ایک کانسی کا تمغہ شامل ہے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div