Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
17 Ramadan 1445  

کراچی پھر جل تھل، محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کردی

بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ شديد ڈپريشن ميں تبديل ہونے سےمزید موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے
اپ ڈیٹ 13 اگست 2022 11:42am
شہر میں ہلکی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، تصویر: دانیال ظفر/آج نیوز
شہر میں ہلکی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، تصویر: دانیال ظفر/آج نیوز

کراچی میں ایک بارپھرتیزبارش نے شہرجل تھل کردیا، محکمہ موسمیات نےمزید موسلا دھاربارش کی پیشگوئی کی ہے۔

کراچی میں گزشتہ شام سے شروع ہونے والی ہلکی اورتیزبارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہرکی سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہوگیا۔ صدر ، گلشن اقبال ، آئی آئی چندریگر اور ایم اے جناح روڈ سمیت کے ڈی اے چورنگی، بورڈ آفس،، ناگن چورنگی، شارع نورجہاں، نیوکراچی، نارتھ کراچی اورسرجانی سمیت دیگرعلاقوں کی متعدد سڑکیں زیر آب آنے سے شہریوں کو بھی مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔

کہاں کتنی بارش ہوئی؟

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی میں سب سے زیادہ بارش 60 ملی میٹر سُرجانی سرجانی ٹاؤن میں ریکارڈ کی گئی۔اس کے علاہ پی اے ایف مسرور بیس پر 44، یونیورسٹی روڈ 43، اورنگی ٹاؤن 42، ناظم آباد 38، نارتھ کراچی37، سعدی ٹاؤن 35 اور گلشنِ معمار میں 31 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

دیگر علاقوں میں کورنگی میں 27، کیماڑی 22، گلشنِ حدید 20، گڈاپ 16، جناح ٹرمینل 13،ڈی ایچ اے فیز ٹو 12 اور صدر میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی

محکمہ موسمیات کی جانب سےجاری کردہ نئی ایڈوائزری کے مطابق بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ شديد ڈپريشن ميں تبديل ہونے کے باعث مزید موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے، بارش کا یہ سلسلہ کل 14 اگست تک جاری رہے گا۔

امتحانات ملتوی

تیز بارش کے باعث انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کے تحت آج ہونے والے تمام پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں،بورڈ کے مطابق شہرکی حالت کے پیش نظر کالجز کو پریکٹیکل بھی ری شیڈول کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

ڈاؤ یونیورسٹی میں بھی 12 اور 13 اگست کو ہونے والے تمام امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے جن کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

مون سون کا چوتھا اسپیل

سندھ سمیت ملک بھر میں جاری مون سون کا چوتھا اسپیل 14 اگست تک جاری رہے گا،اس سے قبل کہا گیا تھا کہ 11 سے 13 اگست تک موسلا دھار بارشوں سے کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، دادو، جامشورو، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص میں سیلابی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان کے بیشترعلاقوں میں گرج چمک کےساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

ماہی گیر احتیاط کریں

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ شدید ڈپریشنمیں تبدیل ہونےکے بعد 8 گھنٹوں سے مغرب اورجنوب مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے،مرکز میں ہواؤں کی رفتار 45 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور یہ کراچی کے جنوب مغرب سے 330 کلومیٹر، ٹھٹھہ سے 370 کلومیٹر دور ہے۔ سسٹم مزید مغرب اور شمال مغرب کی جانب رہے گا۔

اس سسٹم کے باعث آئندہ 3 روز کے دوران سمندرمیں شدید طغیانی رہے گی،اس دوران سندھ اوربلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ماہی گیروں کو 14 اگست تک سختی سے سمندر کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بلوچستان میں طوفانی بارشوں کی تباہ کاریاں

بارشوں کے چوتھے اسپیل نے قلعہ عبداللہ، مسلم باغ، بارکھان سمیت دیگرعلاقوں میں تباہی مچادی، جس سے نظام ذندگی مفلوج ہوگئی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں بارشوں سے جاں بحق ہونیوالے افراد کی تعداد 182 ہوگئی۔

اس کے علاوہ بارشوں سے 62 افراد زخمی جبکہ 19 ہزار سے زائد گھر متاثر ہوئے۔

karachi

Met Office

Rain

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div