Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

شہباز گِل نے ضمانت کے لیے درخواست دائر کردی

اداروں کے خلاف بغاوت پر اُکسانے کے کیس میں گرفتار شہباز گل کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ۔۔۔
شائع 13 اگست 2022 03:12pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کر دی۔

ایڈیشنل سیشن جج محمد عدنان خان نے درخواستِ ضمانت پر سماعت کی، دورانِ سماعت صدر ڈسٹرکٹ بار حفیظ اللہ یعقوب، وکیل فیصل چوہدری اور علی بخاری عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

اداروں کے خلاف بغاوت پر اُکسانے کے کیس میں گرفتار شہباز گل کی جانب سے اسلام آباد کے سیشن کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ حساب برابر کرنے کے لیے جھوٹا مقدمہ درج کیا، تفتیش میں پولیس شہباز گل پر کوئی الزامات ثابت نہیں کر سکی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی لہٰذا ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کی جائے۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شہاز گل کی ضمانت بعد از گرفتاری کے کیس میں تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹر کون وٹس جاری کرکے پیر تک جواب طلب کرلیا۔

شہباز گِل کی گرفتاری

اسلام آباد پولیس نے 9 اگست بروز منگل شہباز گل کو بنی گالہ چوک سے گرفتار کیا تھا۔

اُن پر اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات اور ان کے سربراہوں کے خلاف بغاوت پر اکسانے سمیت 10 مقدمات درج ہیں۔

گزشتہ روز عدالت نے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی پولیس کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div