کراچی کے بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہوں گے، بلاول
وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چئیرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں نئے سال کو کراچی والوں کے ساتھ منانا چاہتا تھا، امید ہے پورا شہر باہر نکل کر نئے سال کا جشن منائے گا۔
کراچی میں پیپلز پارٹی کے کارکنان سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پچھلے سال پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے اسلام آباد تک لانگ مارچ کیا، یہ کارکنوں کی فتح ہے کہ انہوں نے کٹھ پتلی حکومت کو جمہوری طریقے سے نکالا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس وقت ملک کی معیشت بحران میں ہے، ان سارے مسائل سے نکلنے کے لیے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ماضی میں ملک کو بچایا تھا، مستقبل میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو بچائے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم سلیکٹڈ کے خلاف جدوجہد کیلئے نکلے، ہم نے سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی کو گھر بھیجا، ہم تقسیم، نفرت اور جھوٹ کی سیاست کے خلاف نکلے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی مقابلہ ہوگا، جیت سچ اور شکست جھوٹ کی ہوگی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان نے سیاست اور معیشت کو نقصان پہنچایا، مسائل سے نکلنے کا واحد نظریہ بینظیر بھٹو کا منشور ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہوں گے اور نیا ناظم پیپلز پارٹی سے ہوگا۔
چئیرمین پیپلز پارٹی کہتے ہیں کہا جاتا ہے کہ مراد علی شاہ کراچی کے وزیراعلیٰ ہیں، مراد علی شاہ نے کراچی کیلئے ریکارڈ کام کرائے، لیکن مراد علی شاہ صرف کراچی نہیں پورے سندھ کے وزیراعلیٰ ہیں،وہ ہر علاقے کی اونر شپ لیتے ہیں، مراد علی شاہ پورے صوبے کی خدمت کررہے ہیں۔











اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔