معروف شاعر اور ڈرامہ نگارامجد اسلام امجد انتقال کرگئے

اردو ادب کا ایک حسین باب بند ہوا
اپ ڈیٹ 10 فروری 2023 01:25pm

اردو ادب کا ایک درخشاں ستارہ معروف شاعر اور ڈرامہ نگار امجد اسلام امجد انتقال کرگئے۔

امجد اسلام امجد 4 اگست 1944 کو لاہورمیں پیدا ہونے والے امجد اسلام امجد کے انتقال سے اردو ادب کا ایک حسین باب بند ہوا۔

اہل خانہ کے مطابق انہیں رات سوتے ہوئے دل کا دورہ پڑا جس سے وہ جانبر نہ ہوسکے، جبکہ ان کے بیٹے نے بتایا کہ والد صاحب کے نہ جاگنے پرفوراً ڈاکٹرکو بلایا جس نے بتایا کہ وہ انتقال کرچکے ہیں۔

شاعری اور ڈرامہ نگاری میں منفرد پہچان رکھنے والے امجد اسلام امجد مختلف اخبارات میں کالم نگاری بھی کرتے تھے۔

امجد اسلام امجد نے ڈرامہ نگاری میں بہت نام کمایا، ان کے لکھے گئے کئی ڈرامے ایسے ہیں جو شاید ہی کبھی ناطرین کے ذہنوں سے محوہوسکیں۔ ان کے مقبول ترین ڈراموں میں وارث، دن، فشار سمیت دیگرشامل ہیں۔

امجد اسلام امجد نے 50 سالہ کیریئر میں 40 سے زائد کتابیں لکھیں، انہیں ٹی وی کے لئے اپنے ادبی کام اور اسکرین پلے کے لئے بہت سے ایوارڈز ملے۔ انہیں 1975 میں ٹی وی ڈرامہ ’خواب جاگتے ہیں‘ پر گریجویٹ ایوارڈ دیا گیا۔ خدمات پر انہیں پرائڈ آف پرفارمنس اور ستارہ امتیازسے بھی نوازا گیا۔

صدر اور وزیراعظم کی تعزیت

صدرعارف علوی نے امجد اسلام امجد کے انتقال پر دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں ان کی زبان زدعام غزل ’اگرکبھی میری یاد آئے‘ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنے بارے میں کیا خوب کہہ گئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ آج معروف شاعر اور دانشور امجد اسلام امجد کی وفات کی صورت میں اردو ادب کا ایک عظیم دور ختم ہوگیا۔

مزید لکھا کہ ان کی شاعری کا ترنم ایک لمبے عرصے تک ہمارے کانوں میں رس گھولتا رہے گا، اللہ تعالی ان کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کریں۔

Amjad Islam Amjad