اسلام آباد میں ریڑھی بانوں کے روزگار تباہ کرنے پر ثانیہ نشتر برہم
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دورِ حکومت میں غربت کے خاتمے پر وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ”احساس ایڑھی بان“ پروگرام ختم کرنے اور متعدد سڑک اسٹالز اور ریڑھیوں کو برباد کرنے پر موجودہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
منگل کو ”دی نیوز“ میں شائع ہونے والے ایک ”آپ ایڈ“ میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اسلام آباد انتظامیہ کے ”ظالمانہ اور غیر ضروری“ عمل پر تنقید کی۔
انہوں نے لکھا، ”ایک ایسے وقت میں جب خاندان ریکارڈ مہنگائی کی وجہ سے جدوجہد کر رہے ہیں، سڑک پر دکانداروں کی آمدنی کے ذرائع کو تباہ کرنا ظالمانہ اور غیر ضروری اقدام ہے، اور اس کے نتیجے میں حکومتی نقصان ناقابل جواز ہے۔“
”شہری انتظامیہ کو فوری طور پر انسداد تجاوزات کے نام پر املاک کی اس بے ہودہ تباہی کو روکنا چاہیے۔ شہری انتظامیہ کے ساتھ ساتھ وزارت کو بھی ان دکانداروں کو نقصان کا ازالہ کرنا چاہیے اور ان کے لائسنس بحال کرنے چاہئیں۔ سیاسی رقابتوں کے درمیان غریبوں کو کولیٹرل ڈیمیج نہیں بننا چاہیے۔“
2021 میں شروع کیا گیا ”احساس کا ریڑھی بان انیشی ایٹو“ ایک مشترکہ اسٹریٹ وینڈنگ اقدام تھا، جس کا مقصد اسلام آباد میں دکانداروں کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا کرنا تھا۔
”احساس“ کی چھتری تلے ماحول دوست ڈھانچے والی ماڈل وینڈنگ کارٹس دارالحکومت میں دکانداروں کی ایک منتخب تعداد کے حوالے کی گئیں۔
یہ اقدام غربت کے خاتمے اور سوشل سیفٹی ڈویژن (PASSD)، کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA)، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (MCI)، شہری انتظامیہ اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (PIDE) کے درمیان تعاون تھا۔
ثانیہ نشتر نے لکھا کہ ”اسٹریٹ وینڈرز روزگار پیدا کر کے اور کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے روزی روٹی فراہم کر کے نمایاں حصہ ڈال سکتے ہیں۔ وہ کم لاگت کے تجارتی سامان کے لیے ایک بازار کے طور پر کام کرتے ہیں جو محدود آمدنی والے لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔“
سینیٹر نے مزید کہا کہ صرف اسلام آباد میں 20 ہزار دکاندار حکومتی ریونیو میں 480 ملین روپے اور سالانہ ٹرن اوور 36 سے 43 ارب روپے کما سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پائلٹ احساس ریڑھی بان اقدام کے نتائج ”قابل ذکر“ تھے۔ ”اسلام آباد کے چار تجارتی علاقوں میں 200 سے زیادہ اسٹریٹ کارٹس کے ساتھ، وینڈنگ لائسنس فیس سے شہری حکومت کو 4.8 ملین روپے کی آمدنی ہوئی۔ اس اقدام نے 20 ملین روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی اور تقریباً 30 ملین روپے کا ماہانہ کاروبار ہوا۔ درجنوں ملازمتیں پیدا ہوئیں کیونکہ گلیوں کے دکانداروں نے اپنے کاروبار کو چلانے میں مدد کے لیے عملے کی خدمات حاصل کیں۔“
اس سے قبل، پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے بھی موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سڑکوں پر دکانداروں کی گاڑیوں کو تباہ کرنے پر تنقید کی۔
عمران خان نے ٹویٹ کیا، ”بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے وقت اس ’امپورٹڈ حکومت‘ نے اسلام آباد کے آئی 10 سیکٹر میں ہماری حکومت کی جانب سے احساس ریڑھی بان پروگرام کے تحت فراہم کردہ اسٹریٹ وینڈر کارٹس کو گرا کر ایک بار پھر اپنی بے حسی کا مظاہرہ کیا۔“
انہوں نے مزید کہا کہ ”قابل مذمت غیر انسانی عمل کا مقصد جان بوجھ کر غریبوں اور کمزوروں کو نشانہ بنانا ہے۔“













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔