ہماری چائے کا لطف اٹھائیں، کیونکہ ہماری چائے لاجواب ہے

کلبھوشن یادیو پر مبنی پاکستانی فلم ڈھائی چال کا ٹیزر دیکھیں
شائع 01 مارچ 2023 10:18pm

بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے آپریشن پر مبنی عائشہ عمر اور شمعون عباسی کی فلم ڈھائی چال کا ٹیزر جاری کردیاگیا۔

عائشہ عمر نے فلم کا ٹیزر شیئر کیا ہے جس میں 2020 میں پاکستانی مسلح افواج کے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں بھارتی جنگی طیارے کی تباہی کے بعد گرفتار ہونے والے بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن کی گرفتاری کے موقع پر پاکستانی اہلکاروں کی جانب سے کہا گیا مکالمہ بھی شامل کیا گیا ہے۔

عائشہ عمر کی جانب سے شیئر کردہ ٹیزر میں اداکار ہمایوں اشرف کو آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے بعد مشہور ہونے والا ڈائیلاگ ادا کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اداکارہ عائشہ عمرنے ٹیزر کے کیپشن میں یہی ڈائیلاگ لکھاکہ“ہماری چائے کا لطف اٹھائیں،کیونکہ ہماری چائے لاجواب ہے“۔اداکارہ نے لکھاکہ میری ایک فلم ڈھای چال جلد ریلیز ہونے والی ہے۔

ہمایوں اشرف، عائشہ عمر، شمعون عباسی، عدنان شاہ ٹیپو، سلیم معراج، اریج چوہدری اور رشید ناز سمیت دیگر اداکاروں پر مبنی فلم میں شمعون عباسی نے بلوچستان سے پکڑے جانے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا کردار نبھایا ہے۔ ان کے مقابل اداکارہ عائشہ عمرہیں جوبلوچستان کی مقامی اورنڈرصحافی کے روپ میں نظرآئیں گی۔ اس کے علاوہ ہمایوں اشرف اور عدنان شاہ ٹیپو سمیت دیگر اداکاربھی اہم کردار نبھا رہے ہیں۔

ہدایت کار تیمور شیرازی کی فلم کی کہانی فرحین چوہدری نے لکھی ہے جب کہ اسے ڈاکٹر عرفان اشرف نے پروڈیوس کیا ہے۔

Dhaai Chaal