کوئٹہ میں ٹریفک پولیس اہلکار پر تشدد کرنے والا نوجوان گرفتار

شہری اور ٹریفک پولیس کے درمیان لڑائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی
شائع 28 مارچ 2023 07:04pm
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب

کوئٹہ میں حالی روڈ پر ٹریفک پولیس سے جھگڑا کرنے والے نوجوان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ شہری اور پولیس کے درمیان لڑائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

کوئٹہ کے حالی روڈ پر 26 مارچ کو ایرانی قونصلیٹ کے قریب ٹریفک پولیس نے رش کے باعث جناح روڈ کی طرف سے آنے والے ٹریفک کو روکا اور دوسری طرف ٹریفک کو جانے کا اشارہ کیا۔

اس دوران گاڑی میں سوار ایک شخص نیچے اترا اور ٹریفک پولیس اہلکار کے ساتھ بدتمیزی شروع کردی۔ شہری نے ٹریفک پولیس حوالدار کے ساتھ سڑک پر ہاتھا پائی کی اور گالیاں دیں۔ تاہم دیگر ٹریفک اہلکاروں اور راہگیروں نے بیچ بچاؤ کروایا۔

ایک شہری نے واقعہ کی موبائل سے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔ پولیس نے ٹریفک حوالدار عبدالقدیم کی مدعیت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم ابوزر ولد شیخ میر اعظم کو گرفتار کرلیا۔