Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

کچھ قوتیں جمہوریت کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں، بلاول بھٹو

واضح فیصلہ 3- 4 کا تھا اور ہمیں 2 جمع 2 تین بتایا جارہا ہے، وزیرخارجہ
شائع 10 اپريل 2023 03:07pm

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کچھ قوتیں جمہوریت کےخلاف سازشیں کررہی ہیں، اور ملک میں سلیکٹڈ راج قائم کیا گیا۔

آئین کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 1947میں پاکستان بنا اور 10اپریل 1973 کو وفاقی جمہوری اسلامی آئین کی بنیاد رکھی گئی، اور آج ہم اس آئین کی گولڈن جوبلی منانے کیلئے یہاں موجود ہیں، پاکستان کا آئین وہ زنجیر ہے جو چاروں صوبوں کو جوڑتا ہے، تعلیمی نصاب میں یہ دن پڑھایا جانا چاہئے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان نے بڑی مشکلات کا سامنا کیا، سیاسی کارکنوں نے آئین کیلئے بڑی قربانیاں دیں، ہم نے 3 آمریتوں کا مقابلہ کیا، ضیاء الحق کی آمریت نے جمہوریت کی بنیادیں ہلادیں، بینظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی کا سفر شروع کیا، اور 1973 کے آئین کی بحالی کیلئے30 سال جدوجہد کی۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پرویزمشرف نے جو بیج بویا ہے وہ آج تک کاٹ رہے ہیں، ہم بحرانوں کا مقابلہ کرکے آگے بڑھے، کچھ قوتیں جمہوریت کے خلاف سازشیں کررہی ہیں، ملک میں سلیکٹڈ راج قائم کیا گیا، ملک کو ون یونٹ بنانے کی کوشش کی گئی، 18ویں ترمیم کےخلاف سازشیں ناکام بنائی گئیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ ہمیں بتانا چاہتے ہیں کہ 2 جمع 2 کا جواب تین ہوتا ہے، جب کہ واضح طور پر فیصلہ 4،3 کا تھا، اس قسم کا مذاق آئین اور عدلیہ کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے، یوم دستور پر چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ سیاسی سوچ کو پس پشت رکھ کر ججزصاحبان آپس میں بیٹھیں، اعلیٰ عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ اپنے ادارے کو بچائیں، ہر ادارے کو اپنے آئینی اختیارمیں رہ کر کام کرنا ہوگا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ایسے بھی ججز گزرے ہیں جنہوں نےآئین کا تحفظ نہیں کیا، اور بہادر اور غیرت مند ججز بھی ہر دور میں موجود رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک پر دوبارہ دہشت گردی مسلط کی، ہم پوری قوم اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کا مقابلہ کررہے ہیں اور انہیں شکست دیں گے، ملک میں آئینی وجمہوری بحران ہے، جمہوری اورآئینی بحران کیلئےسیاسی جماعتوں کوبات چیت کرناہوگی، آئینی بحران سےنکلنےکاواحدحل مذاکرات ہیں۔

PPP

Bilawal Bhutto Zardari

Parliment

politics April 10 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div