Aaj News

جمعہ, مئ 03, 2024  
24 Shawwal 1445  

مئی کے پہلے ہفتے میں انتخابات کا اعلان کردیں، عمران خان کا مطالبہ

نواز شریف اور میرا نام ای سی ایل پر ڈال دیں، چیئرمین پی ٹی آئی
شائع 28 اپريل 2023 11:07pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ مئی کے پہلے ہفتے میں انتخابات کا اعلان کردیا جائے۔

حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کارکنوں سے خطاب میں حکومتی مذاکراتی ٹیم کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ بجٹ کے بعد حکومت تحلیل کریں گے۔

سربراہ پی ٹی آئی کا کہنا تھا ان سے پوچھتا ہوں بجٹ میں آپ نے کرنا کیا ہے، ملک کو آپ پہلے ہی برباد کرچکے ہیں، بجٹ میں کیا کریں گے، یہ انتخابات کو مزید تاخیر کا شکار کرنا چاہتے ہیں، انھیں چاہیے کہ مئی کے پہلے ہفتے میں انتخابات کا اعلان کردیں، مذاکرات میں ہفتے تک دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ پر بہت دباؤ ہے، چیف جسٹس نے آئین کیلئے مافیا کےخلاف اسٹینڈ لیا، پوری قوم چیف جسٹس کو سلام پیش کررہی ہے، یہ انتخابات نہ کراکے عوام کو بنیادی حق نہیں دے رہے، پنجاب کے عوام کا حق ہے کہ اپنے نمائندوں کو منتخب کریں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ لوگ پاکستان کو تباہی کی طرف لیکرجارہے ہیں، یہ ذاتی مفادات کیلئے قومی مفاد کو قربان کرتے ہیں، یہ ذاتی مفادات کیلئے عوام کو ان کا بنیادی حق نہیں دے رہے۔

عمران خان نے کہا کہ سات سے آٹھ افراد ملک کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں، ان کے دور میں سب سے تیزی سے روپے کی قدرگری، ان کی جائیداد اور بچے سب کچھ بیرون ملک ہیں، یہ پاکستان صرف لوٹ مار کیلئے آتے ہیں اور لوٹ مار کرکے پھر باہر بھاگ جائیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ لندن پلان پر عملدرآمد کرنا چاہتے ہیں، ان کی خواہش ہے کہ نوازشریف کے کیسز معاف ہوجائیں، قائد ن لیگ جھوٹ بول کر باہر بھاگے ہوئے ہیں، شہبازشریف نے اپنے بھائی کا جھوٹا حلف نامہ دیا۔

عمران خان نے تجویز دی کہ میرا اور نوازشریف کا نام ای سی ایل پر ڈال دینا چاہیے، الیکشن ہونے تک ہمارا نام ای سی ایل پر رکھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور شہبازشریف 35 سال سے پنجاب پرمسلط ہیں، دونوں بھائیوں نے مجرموں کو پولیس میں بھرتی کیا، ہم نے پنجاب پولیس کو غیر سیاسی کرنے کی بہت کوشش کی، اب پولیس کے اندر سے لوگ ہمیں تمام اطلاعات دیتے ہیں، ملوث افسران کےخلاف قانون کے تحت کارروائی کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ کسی نے آئین کی خلاف ورزی کی تو بھاگنے نہیں دیں گے، ہماری قوم تیار ہوچکی ہے، عوام اپنے حق کیلئے سڑکوں پر نکلیں گے، پرامن انداز میں سڑکوں پراحتجاج کریں گے۔

سابق وزیراعظم نے ایک بار پھر کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس میں مجھ پر حملے کا منصوبہ تھا، یہ مجھے گرفتار نہیں بلکہ مارنا چاہتے تھے، پی ٹی آئی کے کارکن میرے دفاع کیلئے کھڑے ہیں۔

PDM

Nawaz Sharif

Elections

Politics April 28 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div