Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
24 Shawwal 1445  

بجٹ کے بعد انتخابات کا اعلان قبول نہیں کریں گے، عمران خان

14 مئی سے قبل انتخابات کا اعلان نہیں ہوا تو ہم صوبوں میں الیکشن کرا دیں گے، عمران خان
اپ ڈیٹ 29 اپريل 2023 10:48pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، بکتر بند گاڑی سے پرویز الہٰی کے گھر کا دروازہ توڑا گیا۔

لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ عوام کو انصاف دلانے کیلئے تحریک کا آغاز کیا، جنگل کے قانون میں طاقت کی حکمرانی ہوتی ہے، پاکستان میں طاقتور اور غریب کیلئے الگ الگ قانون ہے، اس قانون نے عوام کو غلام بنایا ہوا ہے، ہماری جدوجہد انصاف کیلئے ہے۔

انھوں نے کہا کہ آئین عوام کے حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے، بڑی مشکل سے پاکستان کا آئین بنایا گیا تھا، آئین ٹوٹ جائے تو ملک میں جنگل کا قانون ہوگا، بڑے چوروں کو آسانی سے این آر او مل جاتا ہے اور طاقتور خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔

حکمراں اتحاد ( پی ڈی ایم) پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ کہتے تھےاسمبلی توڑیں، الیکشن کرادیں گے، یہ کہتے تھے اسمبلی توڑیں، الیکشن خودبخود ہو جائیں گے، اسمبلی توڑنے کے بعد بہانے بنائے جارہے ہیں، قوم کو پتا چلنا چاہئے کہ کس قسم کی منافقت ہورہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میں نے قانونی ماہرین سے مشاورت کی ہے، ہر کسی نے کہا کہ الیکشن کرانا ضروری ہیں، ماضی میں یہ جماعتیں الیکشن میں تاخیر کےخلاف تھیں، یہ پرانے زمانے کے سیاستدان ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جھوٹ چھپ نہیں سکتا، نوازشریف کہتا تھا کہ ایک دن الیکشن آگے نہیں جائےگا، شاہدخاقان کہتا تھا کہ تاخیر ہوئی تو آرٹیکل 6 لگے گا، سپریم کورٹ نے آئین کے مطابق الیکشن کی تاریخ دی، فیصلہ آتے ہی پارلیمنٹ میں کہہ رہے ہیں الیکشن نہیں کرائیں گے۔

پنجاب اور خیبرپختون خوا اسمبلوں کے الیکشن پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نوے دن ہوگئے،الیکشن نہیں کرایا جارہا، ان کے ہینڈلرز بھی ساتھ ملے ہوئے ہیں، چیف جسٹس کی کردار کشی کی جارہی ہے، آپس میں لڑائیاں کرانے کی کوشش کی جارہی ہے، سپریم کورٹ کے تمام ججز سے اپیل کرتا ہوں کہ متحد ہوں، اگر آئین پرعمل نہ ہوا تو ملک میں جنگل کا قانون ہوگا۔

حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’یہ صرف سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشنز کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ اگر 14 مئی سے قبل اسمبلیاں توڑ کر انتخابات کرانے کا اعلان نہیں کیا جاتا اور بجٹ کے بعد ایسا کیا جاتا ہے تو قبول نہیں ہو گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو ہم صوبوں میں الیکشن کرا لیں گے کیونکہ پنجاب کے بارے میں سپریم کورٹ نے فیصلہ دے رکھا ہے۔‘

عمران خان نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے 15 ججز سے اپیل کرتے ہیں کہ ’وہ اپنی اناؤں اور ذاتی لڑائی‘ کو چھوڑ کر متحد ہو جائیں۔

انھوں نے کہا کہ آج پاکستان میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، بکتر بند گاڑی سے پرویز الہٰی کے گھر کا دروازہ توڑا گیا، میری اہلیہ گھر میں اکیلی تھی، گھرکا دروازہ توڑا گیا، میرے گھر پر کس قانون کے تحت حملہ کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے جاں بحق کارکن ظلِ شاہ سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ظل شاہ پر 26 جگہ پر تشدد ہوا، سر کی ہڈی توڑ دی گئی، معصوم، درویش آدمی سے غیرانسانی سلوک کیا گیا، اسے مارکر سڑک پر پھینکا اور کیس بھی ہم پرڈال دیا گیا، علی امین کو ایک کے بعد ایک کیس میں پکڑا جارہا ہے۔

PDM

Nawaz Sharif

Punjab Elections

Politics April 29 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div