Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

جی ایچ کیو میں یوم تکریم شہدائے پاکستان کی تقریب، آرمی چیف کی یاد گار شہداء پر حاضری

ملک بھر میں آج یوم تکریم شہدائے پاکستان منایا جارہا ہے
اپ ڈیٹ 25 مئ 2023 12:46pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

ملک بھر میں آج یوم تکریم شہدائے پاکستان منایا جارہا ہے، آج یوم تکریمِ شہدائے پاکستان کے سلسلے کی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

جی ایچ کیو میں یوم تکریم شہدائے پاکستان کی مرکزی تقریب

یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں مرکزی تقریب ہوئی۔

مرکزی تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بطور مہمان خصوصی موجود تھے۔

تقریب میں مسلح افواج کے حاضرسروس اور ریٹائرڈ افسران بھی شریک ہوئے، جن میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ندیم رضا اور دیگر ریٹائرڈ افسران بھی موجود تھے۔

اس کے علاوہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، مفتی منیب الرحمان، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور شہداء کے اہل خانہ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی اور شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کی گئی۔

اس کے علاوہ سابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، جنرل (ر) ندیم رضا، آئی جی اسلام آباد پولیس اکبر ناصر، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس، ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی، شہداء کے اہل خانہ اور اسکول کے طلباء نے بھی یاد گار شہداء پر پھول رکھے۔

اس موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی اور ملکی ترقی و استحکام کے لیے دعا کی گئی جبکہ شہدائے پاکستان کو سلامی پیش کی گئی۔

نیول ہیڈ کوارٹر میں یوم تکریم شہدائے پاکستان کی تقریب

نیول ہیڈکوارٹر میں یاد گار شہداء پر یوم تکریم شہدائے پاکستان کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔

نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، تقریب میں پاک بحریہ کے شہداء کو سلامی پیش کی گئی۔

نیول چیف امجد خان نیازی نے یاد گار شہداء پر پھول رکھے۔

ائرہیڈ کوارٹرز میں یوم تکریم شہدائے پاکستان کی تقریب

ائرہیڈ کوارٹرز میں بھی یوم تکریم شہدائے پاکستان کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ائر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

ائر چیف مارشل نے یاد گار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

جے ایس ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں بھی تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے یاد گار شہداء پر پھول رکھے۔

قرآن خوانی کے ساتھ دن کا آغا

پورے ملک میں یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان کا آغاز نمازِ فجر کے بعد قرآن خوانی سے ہوا جبکہ تینوں مسلح افواج کی یونٹس میں خصوصی طور پر قرآن خوانی کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر دعاؤں میں پاکستان کی سلامتی اور امن و امان کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

پاک سرزمین کی حفاظت کی خاطر جان قربان کرنے والوں کے لیے بھی خصوصی دُعائیں مانگی گئیں۔

علمائے کرام نے کہا کہ آزاد فضاؤں میں سانس لینا ہمارے ملک کے شہداء کے مرحونِ منت ہے، جو ہم پر ان کا قرض ہے، آج ضرورت اتحاد و یگانگت کے ساتھ فاصلوں کو ختم کرنے کی ہے تاکہ تمام افراد ملکی استحکام اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

پاک فوج کا یوم تکریم شہداء پر قوم کے سپوتوں کو خراج عقیدت پیش

پاک فوج کی جانب سے یوم تکریم شہداء پر قوم کے سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے وطن کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی قربانیاں آئندہ نسل کے لیے مشعل راہ ہیں، شہدائے پاکستان ہمارے ہیرو اور ملک کا سرمایہ ہیں، ان قربانیوں کی تکریم پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ شہداء ہمارا فخر تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

یوم تکریم شہدائے پاکستان: پاک فوج کے شہداء کی قبروں پر ورثا کی آمد

یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر میجر شبیر شریف شہید کی قبر پہ ان کے ورثا اور عوام کی پاک فوج کے دستے کے ہمراہ آمد کا سلسلہ جاری۔

پاک فوج کے دستے نے میجر شبیر شریف شہید کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

زائرین نے میجر شبیر شریف شہید کو خراج تحسین پیش کیا اور ملک و قوم کے لیے ان کی لازوال قربانیوں کو سراہا۔

زائرین نے یہ عزم بھی کیا کہ ہمارے شہداء کی تکریم میں کبھی کمی نہیں آنے دیں گے۔

یوم تکریم شہداء کے موقع پہ کیپٹن سلیمان شہید کی قبر پر ورثا اور لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

پاک فوج کے دستے نے کیپٹن سلیمان شہید کی قبر پر گارڈ آف آنر پیش کیا اور چادر چڑھائی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ہمارے شہدا ہمارا فخر ہیں اور ان کی تکریم میں کبھی کمی نہیں آنے دیں گے۔

ملتان ریجن میں شہداء کی قبروں پر پاک فوج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور شہداء کی قبروں پر پھول رکھے۔

کیپٹن عاطف حسن شہید، حولدار خرم شہید اور لانس نائیک عبد الحکیم شہید کے ورثا اور شہریوں نے شرکت کی۔

شہریوں نے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں، ان کی تکریم میں کبھی کمی نہیں آنے دیں گے۔

یوم تکریم شہدائے پاکستان پر کہاں کہاں تقریبات منعقد ہوں گی؟

آج یومِ تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی پروگرام اور تقریبات منعقد کی جائے گی۔

تعلیمی اداروں میں بھی خصوصی تقریبات کا انتظام کیا جائے گا جس میں طلباء اور طالبات بھرپور حصہ لیں گے۔

ملک بھر میں شہداء کے لیے ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔

صوبائی دارالخلافوں،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یادگار شہداء پر تقریبات کا انعقاد ہوگا جبکہ اسلام آباد کانسٹیٹیوشن ایوینیو سمیت صوبائی دارالخلافوں میں شہداء یکجہتی واک اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی، جس میں تمام مکاتب فکر کے لوگ بھرپور حصہ لیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت 25 مئی کو’یوم تکریم شہدائے پاکستان’ منانے کا اعلان کیا گیا۔

یہ دن منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا اور قوم کو یہ پیغام بھی دینا ہے کہ شہداء، اُن کی فیملیز اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی کا فخرہے۔

ISPR

pakistan army

اسلام آباد

Pakistan Martyrs Day

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div