اداکارہ انعمتہ قریشی کے سسرال والوں پر سنگین الزامات

ساس سکون سے زندگی گزارنے نہیں دیتیں، اداکارہ
شائع 31 مئ 2023 11:32pm

اداکارہ انعمتہ قریشی نے شوہر کی والدہ، بہنوں اور دیگر رشتے داروں پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہےکہ ان کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا جاتا ہے۔

انعمتہ قریشی نے اپنی متعدد انسٹاگرام اسٹوریز میں سسرال والوں پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ شادی کے فوری بعد ہی ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا گیا لیکن وہ درگزر کرتی آئیں۔

انہوں نے خصوصی طور پر شوہر سارنگ قاضی کی والدہ پر سنگین الزامات لگائے اور بتایا کہ ان کی ساس انہیں سکون سے زندگی گزارنے نہیں دیتیں اور وہ انہیں ڈانٹنے اور بے عزت کرنے کا موقع بھی نہیں جانے دیتیں۔

انہوں نے لکھا کہ وہ اپنی ساس سمیت دیگر اہل خانہ کا احترام کرتی ہیں اور اپنی شادی شدہ زندگی کو کامیاب بنانے کے خیال میں جھگڑوں اور تنازعات کو بھول کر آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہیں، لیکن پھر ان کی ساس ان کے احترام کو غلط رنگ دے کر ان کے ساتھ مزید خراب رویہ اختیار کرتی ہیں۔

انہوں نے اپنی اسٹوریز میں اعتراف کیا کہ اگرچہ ان کے ساتھ ان کی ساس اور دیگر اہل خانہ کا رویہ نامناسب رہتا ہے لیکن اس سارے معاملے میں شوہر ان کا ساتھ دیتے ہیں اور وہی ان کی طاقت بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کی ساس اور دیگر اہل خانہ ان سے کھانے پینے سمیت راشن کی دوسری چیزیں چھپا کر رکھتی ہیں، حالانکہ راشن بھی اداکارہ کے پیسوں سے ہی آتا ہے۔

انہوں نے شوہر سارنگ قاضی کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں اچھا شوہر اور اچھا والد قرار دیا اور ساتھ ہی لکھا کہ ان ساس کے نامناسب رویے کی وجہ سے ان کے شوہر بھی پریشان رہتے ہیں۔

انعمتہ قریشی نے جنوری 2020 میں دیرینہ دوست سارنگ قاضی سے شادی کرلی تھی، ان کے ہاں شادی کے دو سال بعد جنوری 2022 میں بیٹے سائرس کی پیدائش ہوئی تھی۔

اداکارہ نے سنو چندا، گھمنڈی، دل گمشدہ، نور جہاں، بیچاری مہر النسا اور بساط دل جیسے ڈراموں میں شاندار اداکاری کرکے مداحوں کے دل جیتے ہیں ۔

Anumta Qureshi